اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی ایسٹ کے ایک انتخابی حلقے میں کھلے عام ہوائی فائرنگ کا سخت نوٹس لے لیا-
باغی ٹی وی : الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئی جی سندھ کو اس حوالے سے سخت کاروائی کرنے اور انتخابات کے حوالے سے کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق فوری کاروائی کرتے ہوئے اس حوالے سےکمیشن کو باقائدہ طور پر مطلع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق انتخابی جلسے میں کھلے عام ہوائی فائرنگ پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے عرفان اللہ مروت امیدوار برائے PS-105 کو ضابطہ اخلاق کی شق 17 کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کا نوٹس دے دیا ہے اور متذکرہ امیدوار کو دو یوم کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
بیروزگاری سے تنگ شوہر نے بیوی اور تین بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی
دوسری جانب ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان عام انتخابات 2024 ءمیں حصہ لینے والے تمام امیدواران اور سیاسی جماعتوں کو مطلع کرتا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی سیکشن 182 کے مطابق 6فروری 2024 اور 7فروری 2024 کی درمیانی شب 12 بجے کے بعد کوئی بھی شخص کسی بھی جلسے، جلوس، کارنر میٹنگ یا اس نوعیت کی سیاسی سرگرمی کا نہ تو انعقاد کر ے گا اور نہ ہی اس میں شرکت کرے گا، لہذا کوئی بھی شخص جو قانون کی مذکورہ بالا شق کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔