خیبر پختونخوا میں امن وامان اور حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، مولانا فضل الرحمٰن

fazal

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ اس ڈمی اسمبلی میں بیٹھنے کی ہمیں کوئی خواہش نہیں، جہاں لوگ ووٹ کسی کو ڈالتے ہیں اور کامیاب کوئی اور ہوتا ہے خیبر پختونخوا میں امن و امان ہے نہ حکومت نام کی کوئی چیز ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے پاکستان میں لوگ اسلام کا مذاق اُڑا رہے ہیں، پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے جس کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں۔ اس ملک کے ساتھ صرف علمائے کرام نے وفاداری کی ہے، ہم اس پاکستان میں امن چاہتے ہیں، ہمارے حکمرانوں اور سیاست دانوں نے مذہب اسلام کے ساتھ بہت ظلم کیا۔ اللہ تعالیٰ نے اسلام کو ہمارے لیے نظام حیات بنایا ہے، ہمارا ملک سرتاپا سود میں ڈوبا ہوا ہے، سارے ادارے اور بینک سودی نظام پر چل رہے ہیں جب کہ مدارس ختم کرنے کی خواہش اور سازش انگریزوں کی بھی تھی، عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں سے مدارس مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ اگر 26 ویں آئینی ترمیم حکومت کی خواہش پر پاس ہوتی تو بڑی تباہی آتی، حکومت کا آئینی مسودہ پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کے لیے بہت بڑا خطرہ تھا۔حکومت کے آئینی مسودے میں فوجی عدالتوں کو مضبوط کیا گیا اور اعلیٰ عدالتوں کے اختیارات محدود کیے گئے تھے، اس ڈمی اسمبلی میں بیٹھنے کی ہمیں کوئی خواہش نہیں، جہاں لوگ ووٹ کسی اور کو ڈالتے ہیں اور کامیاب کوئی اور ہوتا ہے۔ہمارے وسائل پر ہمارا اختیار ہے، یہ وسائل کسی کا باپ بھی ہم سے نہیں چھین سکتا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان اور حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، مضبوط حکومت کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، معیشت کے اشاروں سے قوم کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ نااہل حکمران بتائیں کہ کیا آلہ دین کا چراغ ملا ہے، حکومت معیشت کی بہتری کے دعوے کرتی ہے تو بتائیں کہ وسائل کہاں سے آئے۔

مہنگےپیکج لینے والے عازمین کا حج سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط

ریلوے پولیس میں بھرتی ، ٹیسٹ میں 75 فیصد لڑکے لڑکیاں فیل

49 پارکس کی تزئین و آرائش کر رہے ہیں ، مرتضیٰ وہاب

کار ڈیلرز حوالہ ہنڈی میں ملوث نکلے، نیٹ ورک بے نقاب

Comments are closed.