خیبر: لنڈیکوتل پولیس کی اہم کارروائی، 4 کلو گرام سے زائد آئس برآمد

خیبر(باغی ٹی وی رپورٹ) لنڈیکوتل پولیس نے آئس اسمگلروں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کے دوران 4 کلو گرام سے زائد آئس برآمد کرلی۔ اس کارروائی کے دوران دو ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، ایس ایچ او لنڈکوتل عدنان آفریدی کی سربراہی میں ایڈیشنل ایس ایچ او عظمت ولی نے لنڈیکوتل بازار پسیدخیل اڈے میں کاروائی کی۔ اس دوران دو مشتبہ افراد کے قبضے سے مجموعی طور پر 4 کلو 500 گرام آئس برآمد کی گئی۔

ملزمان کی شناخت یاسین ولد شاہ حسین سکنہ فاطمی خیل اور ظہور ولد شاہ زمان سکنہ پیروخیل لنڈیکوتل کے طور پر ہوئی ہے، جنہیں گرفتار کر کے حوالات میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے آئس اسمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔ ان کے خلاف کارروائی جاری ہے اور یہ بھی پتہ چلا ہے کہ وہ ہمسایہ ملک سے آئس اسمگل کرکے ملک کے دیگر حصوں کو سپلائی کرنے میں بھی ملوث ہیں۔

ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، اور اس وقت تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی جب تک ان عناصر کا خاتمہ نہیں ہوجاتا۔

Comments are closed.