خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن ؛بیلٹ باکس کو آگ لگادی گئی:کس نے لگائی؟پتہ چل گیا

0
53

کرک : صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے دوران کرک میں خاتون نے بیلٹ باکس کو آگ لگادی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں جاری بلدیاتی الیکشن کی پولنگ کے دوران ضلع کرک میں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے جہاں پولنگ اسٹیشن دبلی لواغر میں ایک خاتون نے بیلٹ باکس کو آگ لگادی ، جس کی وجہ سے بیلٹ باکس میں پہلے سے کاسٹ کیے گئے ووٹ بھی جل گئے ۔

بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ ڈپٹی کمشنر کرک کا کہنا ہے کہ دبلی لواغر کے پولنگ بوتھ میں ایک خاتون نے اپنا بیلٹ پیپرجلانے کی کوشش کی ، اس دوران ماچس کی آگ سے کچھ بیلٹ پیپرز کو بھی نقصان پہنچا جب کہ مزید انتخابی مواد کو نقصان نہیں ہوا اور پولنگ اسٹیشن پر مکمل خیریت ہے ، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے خاتون کی شناخت کےبعد اسے گرفتار کر لیا گیا ہے ، اس حوالے سے انکوائری کی جارہی ہے کہ خاتون نے ایسا کیوں کیا ۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں امیدواروں کے انتقال اور ناخوشگوار واقعات کے باعث ملتوی ہونے والی نشستوں پر پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا عمل جاری ہے ، پشاور ، نوشہرہ ، خیبر، مہمند، مردان، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، چارسدہ، بونیر اور باجوڑ میں ری پولنگ ہورہی ہے ، ووٹنگ کا عمل بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا ۔

بتایا گیا ہے کہ سب سے دلچسپ مقابلہ ڈی آئی خان کی سٹی میئر سمیت تین نشستوں پر ہورہا ہے ، کوٹ عیسیٰ خان میں جنرل کونسلر کی نشست پر پولنگ جاری ہے تو رتہ کلاچی میں کسان کونسلر کی نشست پر ووٹنگ ہورہی ہے اور سٹی میئر کی نشست پر بھی ووٹنگ کا عمل جاری ہے ، اس نشست میں اے این پی کے امیدوار عمر خطاب کے قتل کے باعث سٹی مئیر کا انتخاب ملتوی کر دیا گیا تھا ، یہاں پی ٹی آئی ، جے یوآئی ف اورپی پی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے ۔

Leave a reply