خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات : عدلیہ کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ
پشاور:خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات : عدلیہ کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ ،اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ عدلیہ کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ کر لیا۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور طویل عرصے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) نے میدان مارا تھا۔ اس دوران لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی دیکھنے کو ملے تھے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں سٹی میئر کے اے این پی کے امیدوار کو قتل کر دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے دوسرے مرحلہ ڈی آر اوز، ریٹرنگ افسران عدلیہ سے لینے کا فیصلہ کرلیا، ایڈیشنل سیشن ججز اور سیشن ججز کو ڈی آر اوز، آر اوز لگایا جائے گا، الیکشن کمیشن نے انتظامیہ سے لگائے آر اوز ڈی اراوز کو ہٹا دیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن جلد پشاور ہائیکورٹ کو ڈی آر اوز آر اوز کےلئے خط لکھے گا، الیکشن کمیشن پشاور ہائیکورٹ سے ماتحت عدلیہ سے نامزدگیاں مانگے گا، الیکشن کمیشن کو 18 ڈی آر اوز،249 آر اوز درکار ہونگے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن پہلے مرحلہ میں ریٹرننگ افسران کے کردار سے مطمئن نہیں، الیکشن کمیشن پشاور ہائی کورٹ کے جواب کے بعد باضابطہ تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن کریگا۔یاد رہے کہ کے پی کے میں دوسرے مرحلہ کے بلدیاتی انتخابات 27 مارچ کو ہونگے۔