خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات:13 اضلاع میں ری پولنگ:ووٹوں کی گنتی شروع:پی ٹی آئی کا پلڑا بھاری

0
35

پشاور:پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے 13 اضلاع میں ری پولنگ ہورہی ہے جس کے لئے پولنگ کا وقت ختم ہوچکا ہے اور ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ ابھی تک ڈی آئی خان میں 302 میں سے 40 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی نتیجہ ابھی سامنے آیا ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی کے عمر امین گنڈاپور 7 ہزار 770 ووٹ لےکر آگے جے یو آئی(ف)کے کفیل نظامی 5 ہزار 530 ووٹ لے کر پیچھے پیچھے چل رہے ہیں‌

پشاور سمیت چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند، مردان، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بونیر اور باجوڑ میں مجموعی طور پر 500 سے زائد پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ لوکل باڈی الیکشن میں سات لاکھ سے زائد ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے، ڈیرہ اسماعیل خان میں میئر کی نشست کا انتخاب مرکز نگاہ ہے، عمر امین گنڈاپور، فیصل کریم کنڈی اور کفیل نظامی میں کڑا مقابلہ متوقع ہے۔

الیکشن کے دوران بعض علاقوں سے دنگا فساد کی رپورٹس بھی ملیں۔ تحصیل کرک میں دبلی لواغر اور شگی لواغر کے خواتین کے بیلٹ باکسز کو آگ لگا دی گئی۔

ذرائع کے مطابق برقع پوش نامعلوم خواتین نے ووٹ پول کے بہانے بیلٹ باکس میں آتش گیر مواد ڈال دیا جس سے بیلٹ باکس میں آگ لگ گئی، آگ لگنے کے بعد پولنگ سٹیشنز میں بھگدڑ مچ گئی، سٹاف اور خواتین پولنگ کے احاطے میں محصور ہوگئیں۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال کر حالات کو قابو کیا۔

کندہ باجی خیل پولنگ سٹیشن پر مقامی لوگوں نے بائیکاٹ کر دیا اور تمام نشستوں پر ووٹنگ کا مطالبہ کر دیا۔ پشاور کے گل بہار قادر اباد پولنگ سٹیشن میں بھی ہنگامہ آرائی کی اطلاعات ملیں۔

ری پولنگ میئرسٹی ، تحصیل چیئرمین، نیبرہڈ اورویلیج کونسل کی نشستوں پر ہو رہی ہے، انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ سٹیشنز پر توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی اور امیدواروں کی وفات کے باعث پولنگ روک دی گئی تھی۔

Leave a reply