پشاور:خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں الیکشن کمیشن نے 12 مختلف اضلاع کے 221 پولنگ اسٹیشنز پر ری پول کا اعلان کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے 12 مختلف اضلاع کے 221 پولنگ اسٹیشنز پر ری پول کا اعلان کر دیا۔ خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ری پول 13 فروری کو ہونگے۔ پولنگ ان پولنگ اسٹیشن پر ہوگی جہاں الیکشن مواد، پولنگ ریکارڈ، بیلٹ بکس چھینے، اسٹاف کے اغوا اور یرغمال بنانے کے واقعات ہوئے تھے۔
پشاور کے 1،نوشہرہ 2، خیبر کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی جبکہ مردان کے 3، کوہاٹ درہ آدم خیل کے تمام 54 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔ پولنگ ان نشستوں پر بھی ہے جہاں امیدوار انتقال کر گئے تھے جبکہ 6 پولنگ اسٹیشن کے کیسز ابھی عدالت میں ہیں جن پر جلد فیصلہ ہوگا، پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوگی۔
ادھر کل پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی بات چیت کافی حد تک آگے بڑھی ہے
اطلاعات کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مئی میں ہوگا جبکہ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت سے جلد از جلد تمام اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب، ممبران و سیکرٹری الیکشن کمیشن نے شرکت کی۔
چیف سیکرٹری پنجاب مصروفیات ہونے کے باعث اجلاس میں شریک نہ ہوسکے، اجلاس میں بلدیاتی آرڈیننس کو بلدیاتی ایکٹ میں تبدیل کرنے کا معاملہ زیر غور آیا۔ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مئی میں ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے پوچھا کہ پنجاب حکومت بتائے بلدیاتی انتخابات کتنے مرحلوں اور کن اضلاع میں پہلے بلدیاتی انتخابات کروائیں جائینگے، جس پر پنجاب حکومت نے جلد تمام تفصیلات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت سے جلد از جلد تمام اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی، 22 مارچ کو حلقہ بندیوں کی اشاعت کے فوری بعد شیڈول کا اعلان کردینگے۔