کترینہ کیف بالی وڈ انڈسٹری کی سب سے مقبول اور ورسٹائل فلمی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ سال 2003 میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ اب بالی وڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے 70 ملین کے قریب فالوورز ہیں۔ آج کل وہ اپنی آنے والی فلم فون بھوت کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں وہ اداکار ایشان کھٹر، اور سدھانت چترویدی کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
اس طرح کے مصروف شیڈول کے درمیان، جہاں فلم کی ٹیم اپنی پوری کوشش کر رہی ہےکہ فلم کی تشہیر اس انداز میں کی جائے کہ ناظرین کو سینما گھروں کی طرف لایا کیا جا سکے، ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ کترینہ نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر انکشاف کیا ہے کہ وہ مقبول کامیڈین اور یوٹیوبر امیت بھدانا کے ساتھ ایک پروجیکٹ پر کام کر رہی ہیں۔ بھدانا جن کے یوٹیوب پر 24.1 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں، جلد ہی کترینہ کیف کے
ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر نظر آئیں گے۔ اس خبر کے حوالے سے انسٹاگرام پر بھدانا نے لکھا "آج یہ ہوا، اُف۔ شاندار دن، بہترین کام، کترینہ کیف کا شکریہ . یاد رہے کہ امیت بھدانا یوٹیوب کی ایک مشہور شخصیت ہیں، جو ہندی زبان میں مزاحیہ ویڈیوز بناتے ہیں۔ انہوں نے چند میوزک ویڈیوز کے بعد شہرت حاصل کی، جس میں مشہور امریکی ریپر ایمینیم کے ایک گانے کا ڈب بھی شامل ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، 2019 میں، امت بھڈانا کو بہترین YouTube تخلیق کار کے لیے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا۔