وزیراعلیٰ بلوچستان کی سیاسی لیڈروں سے ملاقاتیں، کیا ہو جائے گی تحریک عدم اعتماد واپس؟ اہم خبر
چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں،
باغی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق جام کمال چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ ہونے تک اسلام آباد میں رہینگے، اس دوران وزیراعلیٰ بلوچستان اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، جام کمال اپوزیشن رہنماؤں کوچیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتمادواپس لینےپرقائل کریں گے، جام کمال فضل الرحمان سےملاقات کے بعد اب شہبازشریف سے ملاقات کریں گے،
وزیر اعلٰیٰ بلوچستان جام کمال قائد حزب اختلاف شہبازشریف سے ملاقات کریں گے، وزیر اعلٰی بلوچستان جام کمال اور شبلی فراز مولانا فضل الرحمان سے پہلے ہی ملاقات کر چکے ہیں، ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن اور ن لیگ کی جانب سے بھی خاص طور پر تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومتی ذمہ داران اپوزیشن کو تحریک واپس لینے پر آمادہ کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا اپوزیشن جماعتیں سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کی منظوری میں کامیاب ہوتی ہیں،
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے دو سینیٹرز کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے عشائیہ میں شرکت پر بھی مسلم لیگ ن میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے اور اپوزیشن کو واضح دکھائی دے رہا ہے کہ ان کی طرف سے پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے امکانات بظاہر دکھائی نہیں دیتے، مسلم لیگ ن کے اہم رہنما شاہد خاقان عباسی بھی پہلے کہہ چکے ہیں کہ حکومت تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے مبینہ طور پر سینیٹرز خرید رہی ہے، ان کا یہ بیان درپردہ شکست کا اعتراف تھا،