پشاور:ایک کروڑ روپےتاوان کےلئےاغوا ہونے والامغوی بحفاظت بازیاب؛اغوا کار گرفتار،اطلاعات کے مطابق پشاور میں ایک کروڑ روپے تاوان کے لئے اغوا ہونے والا مغوی بحفاظت بازیاب ہوگیا ہے جبکہ تین اغوا کار گرفتار ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق منظم بین الصوبائی اسمگلر گروہ سے ہے جو ضلع مردان کے رہائشی ہیں، ملزمان نے چند روز قبل حیات آباد فیز تھری سے طالبعلم محمود خان کو اغوا کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے مغوی کو اغوا کرنے کے بعد ضلع مردان پار ہوتی منتقل کیا، اغوا کار نہایت شاطر اور چالاک ہیں، ملزمان رابطہ کے لئے موبائل فونز اور لوکل ذریعے استعمال کرنے سے گریز کر رہے تھے، اغوا کار واٹس ایپ کے ذریعے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے مغوی کو مردان پار ہوتی کے ایک رہائشی گھر میں رکھا تھا، جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے گروہ کو بے نقاب کیا گیا، گزشتہ شب کامیاب کارروائی کے دوران مغوی کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا ہے جبکہ کارروائی کے دوران تین ملزمان بلال، عزیز اور اسد کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے دیگر ساتھیوں کی نشاندہی کی ہے، کارروائی تھانہ حیات آباد پولیس نے کی ہے، گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لئے اے ایس پی حیات آباد سلیم کلاچی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے دوران تفتیش مختلف زاویوں پر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، حیات آباد پولیس نے ایک اور اہم کارروائی کے دوران طلائی زیورات چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم مدعی کے گھر میں ملازم تھا، ملزم نے طلائی زیورات چوری کرنے کے بعد اونے پونے داموں فروخت کئے۔ ایس پی کینٹ محمد اظہر خان کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضہ سے طلائی زیورات کے عوض حاصل ہونے والی رقم 18 لاکھ روپے برآمد ہوئی ہے۔

Shares: