کرغزستان میں پھنسے سندھ کے 205 طلبہ کو واپس لایا گیا ہے، ترجمان سندھ حکومت

0
45
karachi

کرغزستان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔بشکیک سے 205 طلبہ کو لے کر پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 6260 کراچی پہنچ گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر افراد نے طلبہ کا واپسی پر استقبال کیا۔کراچی ایئر پورٹ پر طلبہ کے اہلخانہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔بشکیک سے پی آئی اے کی جانب سے مرحلہ وار لاہور، اسلام آباد، پشاور اور ملتان کیلئے بھی خصوصی پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں۔واضح رہے کہ بشکیک سے کئی پروازوں کے ذریعے پاکستانی طلبہ وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج 205 بچے کراچی پہنچے ہیں، سندھ کے مزید 180 طلبا کرغزستان میں ہیں جن میں 6 زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کر رہے ہیں کہ ان بچوں کے لیے خصوصی پرواز بھیجیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کرغزستان کا واقعہ کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ہدایت دی تھی کہ طلبا کی واپسی کا بندوبست کریں، سندھ حکومت نے بچوں کی واپسی کا بندوبست کیا اور ان کے والدین سے بھی رابطے میں رہے۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق، کرغزستان میں پھنسے سندھ کے 205 طلبہ کو واپس لایا گیا ہے، صوبائی حکومت طلبا کی واپسی کے حوالے سے متعلقہ حکام اور شہریوں سے مسلسل رابطے میں رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبا کے والدین اور رشتہ دار بھی کراچی ایئرپورٹ پر بڑی تعداد میں موجود ہیں، کرغستان سے پاکستان تک سفر کا انتظام صوبائی حکومت نے کیا اور طلبا کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا۔

Leave a reply