ہاں قتل کیئے ہیں ، کرائسٹ چرچ: مساجد پر فائرنگ کرنے والے دہشت گرد کا 51 افراد کے قتل کا اعتراف
کرائسٹ چرچ :ہاں قتل کیئے ہیں ، کرائسٹ چرچ: مساجد پر فائرنگ کرنے والے دہشت گرد کا 51 افراد کے قتل کا اعتراف،اطلاعات کےمطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں گزشتہ سال مساجد میں فائرنگ کرنے والے دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ نے خود پر لگے 51 افراد کے قتل کے الزام کا اعتراف کرلیا۔
29 سالہ برینٹن ٹیرنٹ نے 40 افراد کے اقدامِ قتل اور دہشت گردی کے الزامات بھی قبول کرلیے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق برینٹن ٹیرنٹ نے ماضی میں ان الزامات کو مسترد کردیا تھا جس کے بعد رواں سال جون میں ان کے خلاف مقدمہ چلنا تھا، تاہم کیس کی دوبارہ سماعت سے قبل ہی اس نے اپنے تمام جرائم کا اعتراف کرلیا۔
برینٹن ٹیرنٹ نے اپنے وکیل کی توسط سے آکلینڈ کی جیل سے ویڈیو کال کے ذریعے اپنے تمام جرائم کا اعتراف کیا۔اس دوران جج جسٹس کیمرون مینڈر کا کہنا تھا کہ ’اس بات کا دکھ ہے کہ کورونا وائرس کے باعث اس سانحے کا شکار ہونے والے ان خاندانوں کو ایسے وقت میں عدالت آنے کا موقع نہیں ملا جب ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کیا‘۔جج کے مطابق دہشت گرد یکم مئی تک زیر حراست رہے گا جبکہ اس پر عائد 92 جرائم کی سزا اسے آگے کی تاریخ میں سنائی جائے گی۔
واضح رہے کہ عدالتی احکامات کے بعد دہشت گرد کا دماغی معائنہ بھی کیا گیا تھا اور گزشتہ برس مئی میں ڈاکٹرز نے عدالت کو بتایا تھا کہ برینٹن ٹیرنٹ ذہنی طور پر بالکل درست ہے اور وہ اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کا دفاع کرنے کے قابل ہے۔علاوہ ازیں اس سانحے میں اپنی اہلیہ کو کھودینے والے فرید احمد کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کئی افراد یہ سوچ کر خوش ہوں گے کہ انہیں آگے کسی مقدمے کے لیے عدالت نہیں آنا پڑے گا جبکہ کچھ اپنے پیاروں کو یاد کرکے اداس ہوں گے۔