سعودی فرماں روا : یمن کے شہید فوجیوں کے 2000 اقارب کے لیے خصوصی حج کا اعلان
ریاض:سعودی عرب نے یمنی مسلمانوں کو خوشخبری سناتے ہوئے شہدا کے رشتہ داروں کے لیے خصوصی طور پر حج کے لیے دعوت دے دی ہے. ذرائع کے مطابق سعودی فرماں روانے اس سلسلے میں احکامات بھی جاری کردیئے ہیںِ ،
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے جاری کردہ حج پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد شہید ہونے والے فوجیوں کے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرنا ہے۔ شاہ سلمان کی طرف سے ماضی کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے یمنی فوج کے شہداء کے 2000 اقارب کے سرکاری سطح پر حج کے انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
دوسری طرف خادم الحرمین الشریفین حج پروگرام کے جنرل سپروائزر اور وزیر برائے مذہبی امور الشیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا کہ یمن کے جن شہریوں کے سرکاری حج کا انتظام کیا گیا ہے ان میں یمن میں شہید ہونے والے فوج کے شہداء کے لواحقین شامل ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی فرمانروا کی طرف سے ہرسال فلسطین اور دنیا کے دوسرے ملکوں کے شہریوں کی بڑی تعداد کو اسلامی اخوت اور جذبہ خیر سگالی کے تحت خصوصی حج کا انتظام کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل فلسطین، سوڈان اور دوسرے ملکوں کی شخصیات کے خصوصی حج کا اعلان کیا گیا ہے۔