کندھ کوٹ: پولیس کا ڈاکوؤں سے مبینہ مقابلہ 2 مغوی بازیاب کرا لئے

کندھ کوٹ،باغی ٹی وی (نامہ نگار) پولیس کا ڈاکوؤں سے مبینہ مقابلہ 2 مغوی بازیاب کرا لئے
کندھ کوٹ پولیس نے کچے کے علاقہ گیہل پور میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کر کے دو مغویوں کو بازیاب کرالیا ہے ، دونوں مغویوں کی بازیابی کے بعد مظاہرین نے انڈس ہائی وے پر جاری دھرنا ختم کردیا۔

ایس ایس پی امجد شیخ کے مطابق کچے کےعلاقہ گیہل پورمیں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، مقابلے کے دوران ڈاکو دو مغویوں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دونوں مغویوں کو انڈس ہائی وے پردھرنا دینے والے مظاہرین کے حوالے کیا گیا اور دیگر مغویوں کو جلد بازیاب کرانے کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین کی جانب سے دھرنا ختم کردیا گیا۔

واضح رہے کہ کندھ کوٹ کے شہریوں نے اپنے پیاروں کی آزادی کے لیے گولا موڑ انڈس ہائی وے پر دھرنا دے دیا، پولیس سے مذاکرات ناکام ہوئے تو مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کردیا، جس کے نتیجے میں دس سے زائد مظاہرین زخمی بھی ہوگئے تھے۔

Leave a reply