کوہاٹ پولیس سٹیشن پر دستی بم حملہ، ایس ایچ اوسمیت 7 افراد زخمی

0
51

کوہاٹ میں پولیس سٹیشن بلی ٹنگ پر دستی بم حملے میں ایس ایچ او اور چار دیگر پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے. واقعہ عشاء کے وقت پیش آیا جسمیں زخمی ہونے والے تمام افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور پولیس نے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی ہے.

پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ پنڈی روڈ پر واقع تھانہ بلی ٹنگ پر عشاء کے وقت نامعلوم دہشت گردوں نے دستی بم پھینکا جو تھانےکی صحن میں دھماکے سے پھٹ گیا دستی بم کے اس حملے کےنتیجے میں پولیس سٹیشن میں موجود سٹیشن ہاؤس آفیسر عبد الرؤف، کانسٹیبل مظفر حسین، کانسٹیبل مطیع اللہ، کانسٹیبل عتیق، کانسٹیبل اُسامہ اور تھانے میں کسی کام کی غرض سے آئے ہوئے دو مقامی افراد عارف اور سہیل خان زخمی ہوگئے. واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کیلئے سول ہسپتال بلی ٹنگ اور کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے.

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور واقعے میں ملوث دہشتگردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا. واقعے کے بعد شہر بھر کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور پولیس نے اندرون و بیرون شہرکے مختلف مقامات پر اضافی ناکہ بندیاں قائم کرکے چیکنگ کا عمل بڑھا دیا ہے جبکہ پولیس کی موبائل، رائیڈر اور پیادہ گشت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے. پولیس سٹیشن پر دہشتگردانہ حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی کوہاٹ ڈویژن میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں.

Leave a reply