کوئی دشمن اتنی متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتا، وزیر اعظم
باغی ٹی و ی : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی دشمن اتنی متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتا۔
وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ آج ہم اپنے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ 1965 کی جنگ مجھے آج تک یاد ہے جب میری عمر 13 سال تھی۔ دشمن کے خلاف قومی اتحاد اور عزم کو کبھی نہیں بھلا سکتا۔
عمران خان نے کہا کہ کوئی دشمن اتنی متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتا اور جناح کا پاکستان بنانے کے لیے آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے۔
اپنےہیروزکوخراج عقیدت پیش کرتےہوئےآج 1965 کی یادیں میرےذہن میں تازہ ہیں کہ میں اس وقت 13 برس کا تھا۔وہ یگانگت نہیں بھلائی جاسکتی جب قوم یکجا ہوکر دشمن سےنبرد آزما ہوئی۔ باہم اتفاق سے رخ متعین کرنےوالی قوم کوکوئی دشمن شکست نہیں دےسکتا۔جناح کاپاکستان بنانےکیلئےآج یہی جذبہ درکار ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) September 6, 2020
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے یوم دفاع کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔
انہوں نے مسلح افواج کے غازیوں اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر کا دن مسلح افواج کی جرات اورایثارو قربانی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دن مسلح افواج نے ثابت کیا کہ مادروطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم اور مسلح افواج نے ثابت کیا کہ حجم اہمیت نہیں رکھتا بلکہ جذبہ او رجرات و بہادری زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 370 اور 35 اے کی شقوں کو ختم کر کے اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کی، بھارت نے بے گناہ کشمیریوں پر دہشت اور خوف کاراج مسلط کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر بھی جارحانہ طرز عمل کا مظاہرہ کر رہا ہے،اشتعال انگیزیوں کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم سے ہٹانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے، اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ہماری امن کی خواہش جنوبی ایشیاکے عوام کی اقتصادی بہبود اورخوشحالی کیلئے ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے بارہا ثابت کیا کہ وہ ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور کسی بھی قسم کی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ کے شہدا اورغازیوں نے عزم اور بے مثال جرات وجذبے کا مظاہرہ کیا تھا۔







