کوٹ ادو(باغی ٹی وی ) سنانواں میں غیرت کے نام پر ایک شادی شدہ جوڑے کو قتل کردیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ شازیہ بی بی نے ایک سال قبل گھر سے بھاگ کر اپنے پہلے شوہر تنویر سے نکاح منسوخ کروایا تھا۔ اس کے بعد اس نے طارق سے شادی کی تھی۔
شازیہ کے اہل خانہ نے طارق کے خلاف اغوا کا مقدمہ بھی درج کروایا تھا مگر بعدازاں جوڑے کی طرف سئ نکاح نامہ پیش کیے جانے پر اغوا کا مقدمہ خارج کردیا گیا تھا۔
مرتے وقت خاتون نے جو بیان دیا اس کے مطابق شازیہ بی بی کے بھائی دلاور، والد ہاشم اور سابق شوہر تنویر سمیت کئی افراد گھر میں داخل ہوئے اور فائرنگ کردی۔
دوونوں لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے دیہی مرکز صحت سنانواں منتقل کردی گئیں۔ ایس ایچ او تھانہ سنانواں شاہد رضوان کے مطابق مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
دوسری طرف آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کوٹ ادو علاقہ تھانہ سنانواں میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کے قتل کا واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او مظفر گڑھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
آر پی او نے ڈی پی مظفر گڑھ کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور واقعہ کی جدید سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔آر پی او نے ہدایات جاری کیں کہ فرانزک ٹیموں کی مدد سے واقعہ کی تحقیقات عمل میں لائی جائیں اور تمام شواہد اکٹھے کیے جائیں ۔
ملزمان کی گرفتاری کےلیے فوری طور پر ٹیمیں تشکیل دے کر ریڈ کیے جائیں اور ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ڈی پی او لواحقین سےقریبی رابطہ رکھیں۔انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔
طارق اور شازیہ نے تقریبا ایک سال قبل پسند کی شادی کی تھی۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق خاتون کے والد، بھائی اور دیگر ملزمان کی فائرنگ سے میاں بیوی ہلاک ہوئے۔ قبل ازیں وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔