خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کی آمدن بڑھانے کے لیے سیاحتی ریسٹ ہاؤسز کی لیز پالیسی میں بنیادی تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ وزیر اعلیٰ سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ہونے والے محکمہ سیاحت کے اجلاس میں کیا گیا.اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریسٹ ہاؤسز میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ایک نئی طویل المدتی لیز پالیسی تیار کی جائے گی۔ اس پالیسی کے تحت، سرمایہ کاری کی مقدار کے مطابق لیز کی مدت طے کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے اس نئی پالیسی کے لیے ضروری ترامیم تجویز کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں متعلقہ کابینہ اراکین اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ کمیٹی کو ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید برآں، محکمہ سیاحت کے تحت قائم ایک کمپنی کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ریسٹ ہاؤسز کی لیز سے متعلق تمام معاملات کی نگرانی کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد لیز عمل کو زیادہ شفاف اور موثر بنانا ہے۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ سیاحت کی ٹیکنیکل کمیٹی کی تشکیل کے لیے قانونی ترامیم کی بھی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی، انہوں نے خیبر پختونخوا ٹورزم اتھارٹی (کے پی ٹی اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کے عمل کو تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ سیاحت کے زیر انتظام کیمپنگ پوڈز کو جلد از جلد آؤٹ سورس کیا جائے۔ اس کے علاوہ، سرکاری اثاثوں کی انوینٹری کو ڈیجیٹل بنانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
یہ اقدامات خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے کے سیاحتی شعبے کو فروغ دینے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدن میں اضافہ کرنے کی کوشش کا حصہ ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ ان اصلاحات سے نہ صرف صوبائی خزانے میں اضافہ ہوگا بلکہ سیاحتی سہولیات کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔اجلاس میں متعلقہ صوبائی کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری اور محکمہ سیاحت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق، ان فیصلوں پر عملدرآمد جلد شروع کیا جائے گا
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved