باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سندھ رینجرز نے کراچی پریس کلب کا غیر اعلانیہ دورہ کیا، رینجرز اہلکار گاڑیوں میں آئے اور پریس کلب میں داخل ہونے کے بعد وہاں تصویریں بنائیں، مختلف مقامات کی تلاشی لی

اس دوران صحافیوں نے تصاویر بنانا چاہیں تو انہیں روک دیا گیا، کراچی پریس کلب میں رینجرز اہلکاروں کی آمد پر صحافی برادری نے احتجاج کیا ہے، کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی نے رینجرز کے پریس کلب میں داخلے کی مذمت کرتے ھوئے کہا ہے کہ اس طرح کلب کے تقدس کو پامال کیا گیا ھے،

کراچی پریس کلب کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورننگ باڈی نے پیر کے روز رینجرز کے کلب میں داخلے پر ردعمل کا اظہار کیا گیا، پریس کلب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ امن و امان اور تحفظ کے معاملات خاص اہمیت کے حامل ہیں،لیکن اس کو بنیاد بنا کر پریس کلب میں گھس آنا قابل تشویش ہے

پریس کلب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ اس واقعہ پر صحافی برادری احتجاج کرتی ہے،گورنر باڈی نے ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا کہ وہ ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کریں

واضح رہے کہ کراچی پریس کلب میں باوردی اہلکاروں کا داخلہ بغیر اجازت ممنوع ہے، کراچی پریس کلب پاکستان کا سب سے بڑا پریس کلب اور تحریکوں کا مرکز ہے، سابق صدر پرویز مشرف کی ایمرجنسی کے دوران ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے ملکر پریس کلب کے باہر تحریک چلائی تھی، اس دوران نیوز چینلز بھی بند کر دیے گئے تھے جس پر صحافیوں نے بھی احتجاج کیا تھا اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کراچی سے 100 سے زائد صحافیوں نے گرفتاریاں پیش کی تھیں

Shares: