خیبر پختونخوا میں صرف ایک ماہ کے دوران کرونا کیسز کی رپورٹ جاری

0
36

خیبر پختونخوا میں صرف ایک ماہ کے دوران کرونا کیسز کی رپورٹ جاری

باغی ٹی وی :خیبر پختونخوا میں صرف ایک ماہ کے دوران کورونا وائرس کے ایک ہزار سے زائد کیس سامنے آ گئے، صوبہ میں زیادہ متاثرہ اضلاع میں پشاور، مردان، سوات اور بونیر شامل ہیں۔

کورونا وائرس جہاں ملک بھر میں پھیل رہا ہے وہیں خیبر پختونخوا میں بھی آئے روز مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے، صوبہ میں کورونا وائرس کے پہلے کیسز 16 مارچ کو سامنے آئے، ایران سے واپس آنے والے 15 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

صوبہ میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران کورونا وائرس کے ایک ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں، زیادہ متاثرہ اضلاع میں صوبائی دارالحکومت پشاور میں تین سو سے زائد، مردان سو سے زائد، ضلع سوات اور بونیر میں ستر سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں، اپردیر 62، کوہاٹ 50 اور دیگر اضلاع میں 40 سے کم کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

صوبہ میں کورونا وائرس پھیلنے کا سبب بیرون ممالک سے آنے والے مسافر بنے جس میں عمرہ ادائیگی کے بعد اور دبئی، شارجہ، برطانیہ اور دیگر ممالک سے آنے والے افراد سے مقامی سطح پر کورونا وائرس پھیل گیا جس میں احتیاطی تدابیر کو بھی نظراندازکرنا شامل ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاون کے باعث صوبے میں وائرس کے بڑی سطح پر پھیلائو کو روکنے میں مدد ملی ہے تاہم حکومت کو عوام کی جان کی حفاظت کے لیے مزید سخت فیصلے بھی کرنا چاہیئے، ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال لازمی بنایا جائے۔

صوبہ میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو مردان کی یونین کونسل منگا جبکہ دوسری پشاور کے علاقے سفید ڈھیری میں ہنگو سے آئے مریض کی ہوئی، صوبہ میں اب تک 50 افراد وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں.
ملک بھر کورونا متاثرین کی تعداد 7ہزار 877 ہو گئی، پنجاب میں سب سے زیادہ تین ہزار چھ سو انچاس مریض سامنے آئے، سندھ میں دو ہزار تین سو پچپن، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار ستتر اور بلوچستان میں تین سو پینتیس افراد متاثر ہوئے۔ سندھ حکومت نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی، مزید 52 برآمدی یونٹس کو کام کرنے کی اجازت دیدی۔

Leave a reply