خیبر پختونخواہ میں کرونا وائرس کے 15 نئے مریض سامنے آ گئے
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے 15 نئے کیس سامنے آگئے،
محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا کے مطابق خیبر پختونخوا میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 32 ہوگئی ،کرم 3، ڈی آئی خان اور مردان میں 3،3نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں،لوئردیر ، ملاکنڈ ، پشاور اور ہری پور سے ایک ایک نیا کیس رپورٹ ہوا ہے.
قبل ازیں خیبر پختونخواہ میں کرونا وائرس کے دو مریضوں کی گزشتہ روز موت ہوئی ہے. کے پی صوبے میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت ضلع مردان میں ہوئی جہاں 50 سالہ سعادت خان وفات پا گیا۔ جاں بحق شہری مردان میڈیکل کمپلیکس میں زیرعلاج تھا اور چند روز قبل ہی عمرے کی ادائیگی کے بعد سعودی عرب سے پاکستان پہنچا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وفات والے شخص کو بخار، کھانسی اور سانس لینے میں تکلیف ہوئی تھی اور کورونا وائرس کی بھی تصدیق ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ وفات پانے والے شہری سے رابطے میں رہنے والوں کی اسکریننگ جاری ہے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
دوسری موت کورونا وائرس کے باعث لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں ہوئی جہاں زیرعلاج ہنگو کا 36 سالہ رہائشی جاں بحق ہوگیا۔لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کے مطابق مریض عبد الفتح کو گزشتہ رات تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا جہاں مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق شہری عبدالفتح چند روز قبل دبئی سے وطن واپس آیا تھا۔