ممبئی: پولیس نے بھارتی اداکار کمال راشد خان کو د وسال پہلے2020 میں کئے ایک متنازعہ ٹوئٹ کے سلسلے میں گرفتار کرلیا۔

باغی ٹی وی : بھارتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کمال راشد کو آنجہانی اداکار رشی کپور اور مرحوم عرفان خان سے متعلق 2020 میں کی گئی متنازعہ ٹوئٹس کی وجہ سے ممبئی ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے اس ٹوئٹ میں انہوں نے انتقال کرجانے والے اداکاروں عرفان خان اور رشی کپور کو تابوتوں میں دکھایا تھا۔


بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انہیں ممبئی ایئرپورٹ پر اترنے کے فوری بعد گرفتار کیا گیا جبکہ آج اداکار کو عدالت میں بھی پیش کیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کمال راشد خان کے خلاف سیاسی جماعت شیو سینا کے رکن راہول کنال نے ایف آئی آر درج کروائی تھی جس کے بعد اب پولیس کی جانب سے کارروائی کی گئی ہے۔

کمیٹی کے رکن راہول کنال نے الزام لگایا کہ کمال نے اداکار عرفان خان اور رشی کپور کے بارے میں قابل اعتراض ٹویٹس کی ہیں، جس کے بعد اداکار کے خلاف یہ کارروائی کی گئی۔

کنال نے کہا، “خان سوشل میڈیا پر تضحیک آمیز تبصرے کرتے ہیں اور گندی زبان استعمال کرتے ہیں۔ معاشرے میں اس قسم کا رویہ ناقابل قبول ہے۔ اسے گرفتار کر کے ممبئی پولیس نے ایسے لوگوں کے خلاف سخت پیغام دیا ہے اور آئندہ کوئی بھی کسی شہری کے ساتھ ایسا نہیں کرے گاکنال نے باندرہ پولیس میں بھی شکایت درج کرائی تھی –

کمال راشد خان پر انڈین پینل کوڈ (آی پی سی ) کی دفعہ 500 اور 153اے کے تحت سوشل میڈیا پر ان کے تبصروں کے لیے دو گروپوں کے درمیان ہتک عزت اور دشمنی کو فروغ دینے اور الیکٹرانک شکل میں فحش مواد کی ترسیل کے لیے آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 67اےکے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

یادرہے کہ کمال راشد خان آئے دن بالی وڈ کی معروف شخصیات پر الزام تراشی اور تنقید کرتے نظر آتے ہیں اور اپنے متنازعہ تبصروں اور ٹوئٹ کی وجہ سے اکثر تنازعات میں گھرے رہتے ہیں-

گزشتہ روز کمال خان نے اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کی بگڑتی دماغی حالت(ڈپریشن) کا ذمہ دار ان کی بیوی اداکارہ انوشکا شرما کو قرار دیا تھا جس پر انہیں بھرپور تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا جس کے بعد انہیں اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا پڑی تھی۔

اس سے قبل کے آر کے کو سلمان خان پر تنقید کرنا بھی مہنگا پڑا تھا اور انہیں تھانے کے چکر لگانے پڑگئے تھے پچھلے سال سلمان خان کی جانب سے بھی کمال راشد خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا اور اس کی وجہ بھی کچھ ٹویٹس ہی تھیں۔

سلمان خان کی قانون ٹیم نے اس وقت کہا تھا کہ کمال آر خان نے کچھ ٹویٹس اور ویڈیوز پھیلائی ہیں جس میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ سلمان خان نے ان پر ہتک عزت کا مقدمہ درج کروایا ہے کیونکہ انہوں نے ان کی فلم ’رادھے‘ کا رویو کیا ہے یہ بات غلط ہے۔

سلمان خان کی قانون ٹیم کے مطابق ہتک عزت کا کیس اس لیے کیا گیا تھا کیونکہ کمال آر خان سلمان خان کے خلاف جھوٹے الزامات کی توثیق کررہے تھے کہ وہ ’بدعنوان‘، ’فراڈ‘ اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔

Shares: