نیب لاہور میں پاک عرب ہاءوسنگ متاثرین میں پلاٹوں کے مالکانہ حقوق کے لیٹر تقسیم کرنے کی تقریب .عوام اپنی رقوم کسی کے حوالے کرتے ہوئے غور و فکر ضرور کریں ، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب خلیق الزمان
لاہور ۔ 2 اگست(اے پی پی )نیب لاہور میں پاک عرب ہاءوسنگ متاثرین میں پلاٹوں کے مالکانہ حقوق کے لیٹر تقسیم کرنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب چوہدری خلیق الزمان اور ڈائریکٹر انویسٹی گیشن محمد رفیع نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر پاک عرب ہاءوسنگ سکیم میں ’’سی پرل بلاک‘‘ کے 65 متاثرین کو 25 کروڑ مالیت پر مشتمل پلاٹوں کے مالکانہ حقوق حوالے کئے گئے ۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب چوہدری خلیق الزمان نے کہا کہ پاک عرب ہاءوسنگ سکیم کے مالکان مشروط ضمانت پر رہا ہوئے لیکن شرائط پر عملدرآمد نہ کرنے پر قانون دوبارہ حرکت میں آئے گا ۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا کہ عوام اپنی رقوم کسی کے حوالے کرتے ہوئے غور و فکر ضرور کریں ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انویسٹی گیشن نیب لاہور محمد رفیع نے کہا کہ گزشتہ سال ملزمان کے خلاف شکایات وصولی کے بعد مالکان کو گرفتار کیا گیا جبکہ انتہائی کم عرصہ میں پاک عرب ہاءوسنگ کے مکمل ڈویلپڈ پلاٹوں کی عوام کو منتقلی شروع کر دی ۔ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن نے کہا کہ آئندہ 2,3 ماہ کے دوران دیگر بلاکس میں بھی پلاٹوں کے مالکانہ حقوق کی عوام کو منتقلی نیب اپنی نگرانی میں ممکن بنائے گا ۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایات کے مطابق اور ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں عوام کے مفادات کو ترجیحی بنیادوں پر رکھا گیا ہے، نیب لاہور ٹیم ورک کے طور پر کام کر رہا ہے بہت جلد پاک عرب ہاءوسنگ کے تمام متاثرین کو ان کے پلاٹوں کے مالکانہ حقوق منتقل کروا دیں گے ۔ تقریب میں متاثرین نے چیئرمین نیب و ڈی جی نیب لاہور کے اقدامات کو سراہا ۔