پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 4 دہشت گرد ہلاک

0
86
ctd police

صوبائی دارلحکومت لاہور میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 4 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے ۔

ترجمان کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی )پنجاب کے مطابق لاہور می پولیس افسران کی ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات میں گرفتارمرکزی ملزم محمدفیضان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے دہشت گردی اورٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ کرول جنگل میں زمین میں چھپایا ہواہے۔جس پرسی ٹی ڈی ٹیم ملزم محمد فیضان کو ساتھ لے کر گزشتہ رات مقامی علاقہ کرول جنگل پہنچی اور ملزم نے نشاندہی پر 2 عدد ہینڈ گرنیڈ اور 2 عدد پسٹل برآمد کر لیے گئے ۔ اسی دوران اچانک کرول گائو ں کی طرف سے آئے موٹرسائیکلو ں پرسوار 6 نامعلوم مسلح دہشت گرد وں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی ‘پولیس نے اپنی حفاظت میں جوابی فائرنگ کی ‘جس کے نتیجے میں ملزم محمد فیضان اور 3 نامعلوم دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے’ جبکہ باقی3 ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ان 3 دہشت گروں کے قبضے سے 2عدد کلاشنکوف اور ایک عدد پسٹل 30 بور برآمد ہوا ہے۔ پولیس نے ٹیمیں تشکیل دے کر نامعلوم دہشت گردوںکی شناخت کا عمل اورفرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ محمد فیضان بٹ کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھااور وہ لاہور میں پولیس افسران کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ترجمان نے مزید کہاکہ کانٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اوردہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں کانٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہیلپ لائن 0800-11111 پر اطلاع کریں۔

Leave a reply