لاہورڈی آئی جی آپریشنزلاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز لوگوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر انصاف فراہم کریں۔ شہری اپنے مسائل کی شنوائی کے لئے بلا جھجک میرے دفتر تشریف لائیں،
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق میرے دروازے عوام کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔تھانوں کی سطح پر بھی سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل اور بلا تفریق انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ تمام پولیس افسران شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور عزت و احترام سے پیش آئیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں منعقدہ کھلی کچہری کے موقع پر کہی۔ کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے مسائل سے ڈی آئی جی آپریشنز کو آگاہ کیا۔ انہوںنے شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات صادر کئے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے اس موقع پرمزید کہا کہ امن وامان کا قیام اور لوگوں کی جان و مال کاتحفظ محکمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد شہریوں کی براہِ راست محکمہ پولیس کے افسران تک رسائی یقینی بنانا ہے تاکہ شہری زیادہ پرُاعتماد انداز میں مسائل کے حل کیلئے رجوع کرسکیں۔