لاہورمیں بارش نے 20 سال کا ریکارڈ توڑ دیا،گلی محلےاورسڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنےلگیں

لاہور میں 7 گھنٹے کی مسلسل بارش نے 20 سال کا ریکارڈ توڑ دیا گلی محلے اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

باغی ٹی وی : لاہور میں موسلادھار بارش سے شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں گلی محلے تالاب میں تبدیل ہوگئے کینال روڈ پر ہربنس پورہ کے قریب پانی جمع ہو گیا ہربنس پورہ انڈر پاس بھی بارش کے پانی سے بھر گیا۔ پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثرہوا شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

سیشن کورٹ اورسول کورٹ کے اطراف جگہ جگہ بارش کا پانی جمع ہونے سے سائلین اور وکلاکو عدالتوں میں پیش ہونے میں مشکلات کا سامنا ہے۔عدالتوں کے داخلی اور خارجی راستوں ہر بارش کا پانی جمع ہو گیا۔بارش کا پانی وکلا کے چیمبر میں بھی داخل ہوگیا۔

ایم ڈی واسا کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 234 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے،ائیرپورٹ ایریا میں 188 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے۔مغل پورہ کے علاقے میں 171، چوک ناخدا میں 159، پانی والا تالاب کے علاقے میں 158 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔لکشمی چوک میں 141، گلشن راوی کے علاقہ میں 128، فرخ آباد میں 119 ملی میٹر بارش ہوئی۔

شہر میں ہونے سے والی بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام شدید متاثرہوگیا۔بارش کے باعث لیسکو کے 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہیں۔

واپڈا ٹاون،جوہر ٹاون، نشیمن اقبال، کماہاں،بیدیاں روڈ، پرانا کاہنہ، والٹن، چونگی امرسدھو میں بجلی غائب ہے۔بھٹہ چوک ،گجر پورہ ،قلعہ محمدی، علی پارک ،داتا پارک، خان کالونی، باغبانپورہ، سمن آباد، اردو بازار میں بھی بجلی بند ہے۔

حسن ٹاون، اعوان ٹاون، مغل پورہ، شاد باغ، شادی پورہ کے متعدد علاقوں میں بجلی معطل ہے۔بجلی کی طویل بندش کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے-

ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشن فعال ہیں اور جنریٹر بھی استعمال کر رہے ہیں، اتنی زیادہ بارش کے باوجود بیشتر علاقے کلیئر کر دیے ہیں لکشمی چوک، کوپر روڈ، دوموریہ، ایک موریہ، فردوس مارکیٹ، جی پی او چوک، نابھہ روڈ، بھاٹی گیٹ، جناح اسپتال اور ٹکا چوک بھی کلیئر کر دیاگیا ہے۔

بارشوں کے باعث چھتیں گرنے کے دو مختلف واقعات میں 2 بچیوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے ہیں

سلامت پورہ کے علاقے محلہ عید گاہ میں مکان کی چھت گر گئی حادثہ میں ایک شخص جاں بحق، ایک بچہ زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے تلے بچے کی والدہ کے دبے ہونے کی بھی اطلاعات ہیں امدادی کاروائیاں جاری ہیں-

گجرات کے علاقے ہیرا پور میں ڈیرے کی چھت گرنے سے 2 کم سن بچیاں جاں بحق اور 6افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق خستہ حال چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والی دونوں بچیوں کی عمریں 12 سے 14 سال کے درمیان ہے جب کہ زخمیوں میں والد اور والدہ سمیت 4 بچے بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے لاہور میں بارش کا سلسلہ 26 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیش گوئی کررکھی ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی زیادہ سے زیادہ بارش 156 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے انتظامیہ کو چوکس رہنے کا حکم دیتے ہوئے ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

Comments are closed.