پاکستان شوبز انڈستری کے معروف اور نامور اداکار فواد خان نے لاہور میں فلسطین کے حق میں ہونے والے مظاہرے میں شرکت کی۔
باغی ٹی وی : سوشل میڈیا پر وائرل تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فواد خان نے اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ احتجاج میں شرکت کی۔ انہوں نے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھا تھا جس میں’ فری فلسطین ‘ لکھا تھا۔
اس کے علاوہ پاکستان کی کئی مشہور شوبز شخصیات نے سوشل میڈیا پر اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر رات گئے شدید بمباری کی گئی، خلیجی میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی میں 20 منٹ میں 40 فضائی حملے کیے گئے۔
فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلسطینی وزارت صحت کی عمارت پر بھی اسرائیل نے فضائی حملہ کیا ہے، اسرائیلی بمباری سے وزارت صحت کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
غزہ پراسرائیلی بمباری سے اب تک 10 ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر اور کئی محلے اُجڑگئے جبکہ سیکڑوں بچے بے یارو مددگار ہوگئے۔
بےگھرفلسطینی کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پرمجبور ہیں جبکہ اکثرعلاقوں کی بجلی بند کردی گئی ہے۔غزہ میں پانی کی فراہمی بھی تعطل کا شکار ہے، اسرائیلی فوج کی جانب سے مشکوک افراد کی گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔