لاہور پولو کلب کے زیراہتمام دو میچز، پلاٹینم ہومز اور ماسٹر پینٹس بلیک کی ٹیمیں رہیں فاتح
لاہور پولو کلب کے زیراہتمام لیفٹیننٹ جنرل (ر) شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ ٹورنامنٹ سپانسرڈ بائی ڈان بریڈ کے پہلے روز دو اہم میچز کھیلے گئے جن میں پلاٹینم ہومز اور ماسٹر پینٹس بلیک کی ٹیمیں فاتح رہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ڈان بریڈ کے تعاون سے منعقدہ ٹورنامنٹ کے پہلے روز کے میچز کے موقع پر فیملیز اور تماشائی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کلب کے صدر عمر صادق، سیکرٹری آغا مرتضی علی خان، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز فیروز گلزار،عثمان حئی، ثاقب خان خاکوانی، آغا نجیب رضا اور دیگر بھی موجود تھے۔ پہلے میچ میں پلاٹینم ہومز اور ایف جی /دین پولو کے درمیان انتہائی دلچسپ میچ ہوا جو پلاٹینم ہومز کی ٹیم نے 6-5.5 گول سے جیتا۔ پلاٹینم ہومز کی ٹیم کی طرف سے ایرانی کھلاڑی عامر رضا بہبودی نے شاندار کھیل کا مظاہر ہ کیا اور چھ خوبصورت گول سکور کیے۔
ایف جی دین پولو کی طرف سے انگلش کھلاڑی ایڈورڈ مورس نے تین جبکہ شاہ شمیل عالم اور فرہاد محمد شیخ نے ایک ایک گول سکور کیے۔ دوسرے میچ میں ماسٹر پینٹس بلیک کی ٹیم نے زبردست کھیل پیش کرکے ٹیم باڑیز کو 8-7 سے ہرا دیا۔ ماسٹر پینٹس بلیک کی طرف سے ارجنٹائن کے کھلاڑی مینول کرانزا نے سات جبکہ صوفی محمد ہارون اور صوفی محمد عامر نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ہارنے والی ٹیم باڑیز جن کو آدھے گول کا ایڈوانٹیج حاصل تھا کی طرف سے دانیال شیخ اور اوسکررولو ٹروٹز نے تین تین گول سکور کیے۔ آج بروز بدھ دو اہم میچز کھیلے گئے جائیں گے۔
دوپہر ڈیڑھ بجے ڈائمنڈ پینٹس شیخو سٹیل کا مقابلہ ڈان بریڈ سے جبکہ اڑھائی بجے ڈائمنڈ پینٹس کا مقابلہ گارڈ گروپ سے ہوگا۔