لاہور صحافی کے اوپر تشدد کے خلاف صحافیوں کا احتجاج

0
46

لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر جاوید فاروقی ، نائب صدر سلمان قریشی ، سیکرٹری زاہد چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر ، خزانچی زاہد حسین شیروانی اور اراکین گورننگ باڈی نے اسلام آبادمیں سینئرصحافی اسدطورپر نامعلوم افراد کی جانب سے تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔

انھوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہاکہ صحافیوں کو ان کی فرض کی ادائیگی سے روکنے کے لئے تشدد سمیت ہرطرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں لیکن صحافیوں کو ان کے فرض کی ادائیگی سے روکنے کے لئے جتنے بھی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرلئے جائیں وہ حق بات کہنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اس واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لاکر انصاف کے تقاضے پورے کریں۔

دریں اثناءصحافی پر تشدد کے خلاف صحافیوں نے پنجاب اسمبلی کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جس پر قائم مقام سپیکرپنجاب دوست محمد مزاری نے صوبائی وزیر ہاشم ڈوگر اور ایم پی اے خلیل طاہر سندھو پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جس نے موقع پر موجود لاہور پریس کلب کے سینئر نائب صدر جاوید فاروقی ، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر ، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے سیکرٹری شہزاد ملک ، افضال طالب ، اخلاق باجوہ،

اور دیگر سینئر صحافیوں سے مذاکرات کئے اور انھیں یقین دہانی کرائی کے اس واقعہ کی تحقیقات کراکے انصاف فراہم کیاجائے گا اور کمیٹی نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ سندھ کی طرزپر پنجاب میں بھی صحافیوں کی مشاورت سے جرنلسٹ پروٹیکشن بل لایاجائے گا۔ 

Leave a reply