لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر حصے دھند کی لپیٹ میں
باغی ٹی وی :سردی نے پھر ڈیرے جما لیے . لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند کا راج رہا، حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے ہائی ویز اور موٹرویز پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
بارش کے بعد سردی بڑھنے سے سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج ہے، صبح کے وقت حد نگاہ کہیں کم اور کہیں نہ ہونے کے برابر رہی، قومی شاہراہ پر لاہور، اوکاڑہ، چیچہ وطنی اور دیگر کئی علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی۔
قصور، پتوکی، وہاڑی میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موٹروے پولیس نے دھند میں شہریوں کو بغیر ضرورت سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
کراچی میں آج صبح کو درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ سائبرین ہواؤں کی رفتار کم ہونے سے صبح اور شام کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر کے بیشتر اضلاع میں بارش ہوئی جبکہ مالم جبہ، مری اور استور میں برفباری ریکارڈ کی گئی۔ جس کی وجہ سے موسم مزید سرد ہو گیا۔
سب سے زیادہ بارش گوجرانوالہ میں 43 ملی میٹر، منڈی بہاؤ الدین 38 ملی میٹر، اسلام آباد 38 ملی میٹر، گجرات 36 ملی میٹر، سیالکوٹ 30 ملی میٹر، اٹک 29 ملی میٹر، راولاکوٹ 24 ملی میٹر، پشاور 21 ملی میٹر،دیر 15 ملی میٹر، کوٹلی 13 ملی میٹر، لاہور اور کاکول 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔








