سرگودہا (نمائندہ باغی ٹی وی )ڈپٹی کمشنر آسیہ گل نے ضلع بھر کے ریونیو افسران کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مقررکردہ اہداف نومبر کے آخر ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنروں کو ریونیو فیلڈ افسران کی ہفتہ وار کارکردگی کاجائزہ اجلاس طلب کر کے ان کے دفتر کوبھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں ریونیو افسران کی کارکردگی کے ایک جائزہ اجلا س سے خطاب کر رہی تھےں۔ اجلا س میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی کے علاوہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں ‘تحصیلداروں اور فیلڈ ریونیو افسران نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے نادہنگان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اس ضمن میں ریونیو افسران کی طرف سے کوئی عذر قبول نہیں کیا جائے گا ۔ اجلاس میں ریونیو افسران کی طرف سے آبیانہ کرنٹ ‘ آبیانہ بقایاجات ‘ تاوان ‘ زرعی انکم ٹیکس ‘ لوکل ریٹ ‘ واٹر ریٹ کرنٹ ‘ واٹر ریٹ بقایاجات سمیت ڈیوٹی کی مد میں اب تک کی وصولی کا تفصیلاجائزہ لیاگیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں نادہنگان سے وصولی کیلئے ان کی جائیدادوں کی خریدوفروخت کو سرکاری بقایاجات ادا کرنے سے مشروط کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ریونیو افسران پر زور دیا کہ مقررکردہ تمام اہداف کا رواں ماہ کے اندر 90فیصد ٹارگٹ کو ہر صورت حاصل کریں ۔ اجلاس میں ایف بی آر کی طرف سے زرعی انکم ٹیکس کے بقایاجات کیسز پر نادہنگان سے وصولی کی پیش رفت کابھی جائزہ لیاگیا ۔ اجلاس کو مزید بتایاگیاکہ ضلع بھر میں اب تک 3بے نامی جائیدادوں کا سراغ لگایاگیاہے جن میں سے 2 سرگودہا میں جبکہ ایک کی کوٹمومن میں نشاندہی ہوئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ از سر نو بے نامی کاسراغ لگائیں اور اس ضمن میں سرٹیفکیٹ ان کے دفتر میں جمع کروائیں۔

Shares: