لیگی ایم پی اے شوکت منظور چیمہ کورونا کے باعث انتقال کر گئے

لاہور:لیگی ایم پی اے شوکت منظور چیمہ کورونا کے باعث انتقال کر گئے،اطلاعات کے مطابق کورونا کے باعث اموات کا سلسلہ نہ رک سکا۔ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے شوکت منظور چیمہ کورونا کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ شوکت منظور چیمہ کو چند روز قبل کورونا ہوا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی شوکت منظور چیمہ گزشتہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ن لیگ عطااللہ تارڑ نے ٹوئٹر پر شوکت منظور کے انتقال کی تصدیق کر دی۔

ڈاکٹرز کے مطابق مرحوم ایم پی اے شوکت منظور چیمہ دل کے شدید عارضے میں بھی مبتلا تھے۔ کورونا وائرس کے باعث ان کی طبعیت بگڑ چکی تھی جس کے بعد انھیں گزشتہ سات روز سے وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ شوکت منظور چیمہ پی پی 51 وزیر آباد سے مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر مسلسل تیسری مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی، انجینئر امیر مقام اور عطا تارڑ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

Comments are closed.