لیبیا: وفاقی حکومت کی ترہونہ شہر پر ڈرون طیاروں سے بمباری

لیبیا میں وفاق کی حکومت کی فورسز نے جمعرات کے روز ترہونہ شہر کو ڈرون طیاروں کے ذریعے فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔ ترہونہ لیبیا کا دوسرا شہر ہے جس پر خلیفہ حفتر کی فوج کا کنٹرول ہے۔ اس سے قبل حفتر کی فوج نے گولہ بارود کے اُن ڈپوؤں کو تباہ کر دیا تھا جو وفاقی حکومتی فورسز کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں نے ترہونہ شہر پر حملے کے لیے تیار کیے تھے۔

ترہونہ شہر دارالحکومت طرابلس سے 90 کلو میٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔

ترہونہ شہر کی بلدیاتی کونسل نے اپنے ایک بیان میں جمعے کی صبح شہر کے رہائشی علاقے میں شہریوں کے گھروں پر ڈرون سے فضائی بم باری کی مذمت کی ہے۔ بیان کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں جب رہائشی علاقوں کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

زمینی طور پر وفاق کی حکومت نے مصراتہ شہر میں موجود اپنی فورسز کو اکٹھا کر کے ایک نئی فورس تشکیل دی ہے۔ اس نئی فورس کو "ترہونہ پروٹیکشن فورس” کا نام دیا گیا ہے۔ دوسری جانب خلیفہ حفتر کے زیر قیادت لیبیا کی فوج نے نئی عسکری کمک کے ترہونہ شہر پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کمک کو نیشنل ایئربیس سے بھیجا گیا ہے تا کہ مقابل فریق کے کسی بھی ممکنہ حملے کو ناکام بنایا جا سکے۔

عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی جانب سے لیبیا میں متحارب فریقین پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ لڑائی کو ختم کر کے فائر بندی کو یقینی بنائیں تا کہ سیاسی عمل دوبارہ سے اپنی راہ پر گامزن ہو سکے۔

Comments are closed.