پیرس میں ادبی محفل "ڈوھنگیاں چوٹاں” کی پذیرائی اور مشاعرہ

پیرس میں ادبی محفل "ڈوھنگیاں چوٹاں” کی پذیرائی اور مشاعرہ
پیرس سے عاکف غنی ملک کی رپورٹ
دسمبر کا مہینہ یوں تو اداسی کے لیے مشہور ہے، خاص طور پر شعراء نے اس مہینے کو کچھ زیادہ ہی بدنام کر رکھا ہے۔ لیکن اگر اسی مہینے میں کسی ادبی نشست کا اہتمام ہو جائے تو یہ اداس مہینہ ادبی رونق میں بدل جاتا ہے۔ ایسی ہی ایک شاندار تقریب کا انعقاد پیرس کی معروف ناول نگار اور شاعرہ محترمہ شاز ملک نے اپنے دولت کدے پر کیا۔ اس یادگار شام کے انتظامات میں ان کے شوہر ملک سعید نے بھرپور تعاون کیا اور یوں دسمبر کی ایک سرد شام کو ادبی حوالے سے گرمجوش اور یادگار بنا دیا۔

پیرس کے نواحی علاقے ولی اے لو بیل میں محترمہ شاز ملک کی رہائش گاہ پر منعقدہ اس تقریب کا مقصد راجہ زعفران کے پوٹھوہاری زبان میں شعری مجموعے "ڈوھنگیاں چوٹاں” کی پذیرائی اور اس کے ساتھ ایک محفل مشاعرہ کا انعقاد تھا۔ تقریب کی صدارت محترمہ شاز ملک نے کی، جبکہ مختلف شعرا اور ادیبوں نے کتاب پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

"ڈوھنگیاں چوٹاں” پر اظہار خیال کرنے والوں میں ایاز محمود ایاز، محترمہ شاز ملک، شمیم آپا، شبانہ چوہدری، اور طاہرہ سحر شامل تھے۔ مقررین نے راجہ زعفران کی شاعری کی تعریف کرتے ہوئے اس کی ادبی اہمیت کو اجاگر کیا اور پوٹھوہاری ادب میں اس کے اضافے کو سراہا۔

کتاب کی پذیرائی کے بعد محفل مشاعرہ کا آغاز ہوا جس میں معروف شعرا نے اپنا کلام پیش کیا اور حاضرین سے بھرپور داد سمیٹی۔ مشاعرے میں شرکت کرنے والے شعرا میں مس سعدیہ، طاہرہ سحر، شمیم آپا، نبیلہ آرزو، محمود راہی، عاشق رندھاوی، آصف آسی، مقبول الٰہی شاکر، ایاز محمود ایاز، راجہ زعفران، اور عاکف غنی شامل تھے۔

شاعری کے اس خوبصورت سلسلے کے بعد میزبانوں کی جانب سے پرتکلف عشائیہ پیش کیا گیا۔ مہمانوں نے میزبانوں کی گرمجوشی اور اہتمام کو سراہا۔ اس تقریب نے بھیگتے، ٹھٹھرتے اور اداس دسمبر کو زبان و ادب کی چاشنی سے بھرپور کر کے ایک خوشگوار اور یادگار شام میں بدل دیا۔

تقریب کی تصویری جھلکیاں




Comments are closed.