لیمارکیٹ چوک پر لیاری کے مکینوں اور پاسبان کا احتجاج،آئی آئی چندریگرروڈپردھرنا لیاری کے علاقوں میں گیس کی شدید قلت کا فوری نوٹس لیا جائے: سردار ذوالفقار
باغی ٹی وی :کئی مہینوں سے گیس کی بندش ہے مگر ساتھ ہی بھاری ظالمانہ بلوں کی آمد بھی جاری ہےپی پی پی،مسلم لیگ کی قیادت لیاری والوں کو بھول گئی، پی ٹی آئی حکومت گیس بندش کے ذریعے عوام کو پریشان اور قلاش کررہی ہے-
لاک ڈاؤن کے با عث معاشی بدحالی کے شکار لیاری کے مکینوں کی عمران حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی پاسبان بلدیاتی کمیٹی کے رکن سردار ذوالفقار،پی ڈی پی رہنما اختر شاہ،سہیل احمد ودیگر کا دھرنے کے شرکاء سے خطاب
پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی بلدیاتی کمیٹی کے رکن سردار ذوالفقار نے کہا ہے کہ لیاری کے مکینوں کو مہینوں سے گیس نہیں مل رہی مگر گیس کمپنی بھاری ظالمانہ بلز بھیجے جارہی ہے۔ لیاری میں کئی مہینوں سے جاری گیس بندش کا فوری نوٹس لیا جائے۔ نہ صرف گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے بلکہ ظالمانہ بلزبھیجنا بھی بندکیا جائے۔
لاک ڈاؤن کی صورتحال نے لیاری کے غریب اور مزور طبقہ کی معاشی حالت ابتر کردی ہے۔ ایسی صورتحال میں حکومت وقت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ صارفین کو ریلیف فراہم کرے اور لوٹ کھسوٹ کا بازار بندکرے۔ وہ گیس کی شدیدقلت کے شکار لیاری کے مکینوں کے احتجاج اور دھرنے سے خطاب کررہے تھے جبکہ احتجاج اور دھرنے سے پی ڈی پی لیاری کے رہنما اختر شاہ اور سہیل احمدنے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی لیاری کے رہنما ولی محمد،بلال بلو چ، محمد نعیم بلو چ، محمدعلی،جمیل بلوچ ودیگر بھی موجودتھے۔ گیس کی شدید قلت کے شکار مکینوں نے لیمارکیٹ چوک پر احتجاج کیا اور پھر مارچ کرتے ہوئے آئی آئی چندریگرروڈ پر واقع گیس کمپنی کے باہر پہنچ کر دھرنا دیا۔
پاسبان رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی پی پی اورمسلم لیگ کی قیادت ووٹ لینے لیاری والوں کے پاس آتی ہے مگر یہ لیاری والوں کے دکھ درد میں کبھی ان کے ساتھ نہیں ہوتے۔ یہ دونوں جماعتیں لیاری والوں کو بھول گئی ہیں۔
تحریک انصاف کی حکومت کئی مہینوں سے گیس کی قلت کے زریعے لیاری والوں کو نہ صرف ذہنی اذیتیں پہنچارہی ہے بلکہ ساتھ ہی گیس،بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں اضافہ کر کے انہیں مزیدمعاشی طور پر بدحال اور قلاش کئے جارہی ہے۔
گیس کی قلت کے باعث شہری مہنگے داموں گیس سلنڈر خریدنے پر مجبور ہیں جن کے پھٹنے کے واقعات تیزی سے بڑھتے جار ہے ہیں۔ گذشتہ دنوں جمن شاہہ پلات کے رہائشی عابد کا سات سالہ بیٹا گیس سلنڈر پھٹنے سے شدید زخمی ہوگیا تھا، اس کے علاوہ بھی شہر میں متعدد مقامات پر اس طرح کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔
ان سب کی زمہ دار صوبائی و وفاقی حکومتیں ہیں۔ اگر صارفین کو لائنوں کے ذریعے گیس ملے تو انہں سلنڈر استعمال نہ کرنے پڑیں۔ احتجاج اور دھرنے کے شرکاء نے عمران حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ انہوں نے گونیازی گو،گیس دو بل لو،ورنہ کرسی چھوڑ دو کے نعرے لگائے۔
پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ لیاری کے علاقے جمن شاہ پلاٹ، چاکیواڑہ،کلاکوٹ،بابابھٹ، نوالین، جاقی محلہ نورانی کالونی،بکرا پیڑی، مرزاآدم خان روڈ،سنگو لین، کمہاڑ واڑہ،میراں ناکہ،کلری احمد شاہ بخاری روڈ،بغدای،شاہ بیگ لائن،گل محمدلائن،بہار کالونی،آگرہ تاج کالونی،ہنگورہ آباد، لی محمد محلہ،نیاآباد، موسیٰ لین سمیت لیاری کے تمام علاقوں میں گیس کی قلت کو کئی مہینے ہوگئے مگر بار بار مکینوں کی جانب سے توجہ دلانے کے باوجود نہ گیس کمپنی نے شکایات کا ازالہ کیا اور نہ ہی حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات اٹھائے گئے۔
پی ڈی پی کے رہنماؤں نے کہا کہ، لیاری کے عوام نے دیکھ لیا کہ پی پی پی،مسلم لیگ اور پی ٹی آئی والے صرف اقتدار اور کرسی کے پجاری ہیں،انہیں عوام کو پہنچنے والی تکالیف کا نہ اندازہ ہے اور نہ ہی فکر۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے ذمہ داران لیاری والوں کے ساتھ ہم آواز ہیں اور گیس کی قلت کے معاملے کے حل سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے بھی لیاری کے عوام کے ساتھ یک زبان ہوں گے۔ مکینوں نے اب راج کرے گی پی ڈی پی کے نعرے بھی لگائے