کرونا نے امریکہ میں پنجے گاڑنے شروع کردیئے ، 3 ریاستوں میں 7 کروڑ افراد کے لاک ڈاؤن کی تیاری

0
41

واشنگٹن :کرونا نے امریکہ میں پنجے گاڑنے شروع کردیئے ، 3 ریاستوں میں 7 کروڑ افراد کے لاک ڈاؤن کی تیاری،اطلاعات کےمطابق امریکا کی 3 بڑی ریاستیں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر اپنے شہریوں کو لاک ڈاؤن کررہی ہیں جو پہلے ہی یورپ کا نظام صحت تہہ بالا کرچکا ہے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے بعد نیویارک اور ایلینوائے کی انتظامیہ کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا کہ وہ رواں ہفتے کے اختتام سے اپنے شہریوں کو ان کے گھروں تک محدود کردیں گے، ان تینوں ریاستوں کی مجموعی آبادی 7 کروڑ نفوس پر مشتمل ہے۔امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے ہسپتالوں پر بھی مریضوں کا دباؤ ہے اور حکام ایسی صورتحال کو روکنے یا کم سے کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں جو چین اور یورپ میں پیش آئی۔

وبا کا یہ پھیلاؤ رواں برس کے آغاز میں چین کے شہر ووہان میں میڈیکل سروسز کو بری طرح متاثر کرچکا ہے اور اب اٹلی اور اسپین میں اپنی حدوں کو چھورہا ہے جبکہ برطانیہ میں 65 ہزار ریٹائرڈ نرسز اور ڈاکٹروں کا دوبارہ کام پر طلب کرلیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 2 لاکھ 75 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد تقریباً ساڑھے 11 ہزار تک جا پہنچی ہے تاہم 90 ہزار کے قریب مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

Leave a reply