اسلام آباد:کرونا لاک ڈاؤن کے بعد دنیا کو اندازہ ہوگیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں رہنا کتنا مشکل ہے۔کشمیریوں کے لاک ڈاون کا اندازہ ہوگیا ہوگا : کشمیر یوتھ الائنس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں پربڑھتے ہوئے مظالم اورکوڈ19- بحران کے خطرات اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آنلائن ویبنارکی سیریز کا آغاز کیا ہے،

اس سلسلے میں پہلا ویبنار گزشتہ روز منعقد کیا گیا جس میں رکن قومی اسمبلی وممبر کشمیر کمیٹی نورین فاروق ابراہیم،صدر کشمیر یوتھ الائنس ڈاکٹر مجاہد گیلانی،سعد ارسلان صادق،مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی خاتون کشمیری رہنما شائستہ صفی،کاشف ظہیر،طہ منیب،رضی طاہر،نوید احمد،کشمیر ایکٹوسٹ ثاقب ریاض، سمیت پاکستان اور بیرون ملک سے نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

آنلائن ویبنار کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ممبر کشمیر کمیٹی نورین فاروق ابراہیم،شائستہ صفی،ڈاکٹر مجاہد گیلانی ودیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حاملہ عورتوں اور نوزائیدہ بچوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، ہندوستان کرونا کی آڑ میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے،بھارتی فوج نوجوانوں کو گھروں سے نکال کر والدین کے سامنے شہید کررہی ہے،

مقررین کا کہنا تھا کہ ہندوستان سمجھتا ہے کہ وہ کشمیری نوجوانوں پر تشدد وبربریت سے آزادی کی آواز کو دبا لے گا لیکن ہندوستان یاد رکھے کشمیر کا ہر بچہ سید علی گیلانی اور ہر بیٹی آسیہ اندرابی ہے،کشمیر ی نوجوان ماسٹر اور پی ایچ ڈی تعلیم حاصل کرنے کے بعدآزادی کیلئے جان قربان کررہے ہیں تو کشمیری لڑکیاں پتھر لے کر بھارتی افواج کے مدمقابل ہیں،کشمیر کے نوجوان آزادی کی صبح تک جدوجہد جاری رکھیں گے

Shares: