کراچی: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لندن اور تہران کی طرح کراچی کا بلدیاتی نظام بھی خودمختار ہونا چاہیے۔
کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ کوئی بھی جدید شہر جدید ذرائع آمد ورفت کے بغیر مکمل نہیں، ماضی میں کسی نے کراچی کے ٹرانسپورٹ سسٹم پر توجہ نہیں دی۔
وزیر اعظم نے کہا ہر ملک میں ایک شہر ایسا ہوتا جو ملک کو چلاتا ہے، کراچی جب خوش حال ہوتا ہے تو پاکستان خوشحال ہوتا ہے، پاکستان کے لیے کراچی کو خوش ھال کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ہم پاکستان کو خوشحال کررہے ہیں، سب سے زیادہ ٹیکس کراچی سے ملتا ہے لیکن اسے کچھ نہیں ملا ، کراچی کو 60 سال سے دیکھ رہا ہوں ، اس روشنیوں کے شہر کو ہم نے کھنڈر بنتے دیکھا ہے کیونکہ کبھی بھی کراچی کے انتظامی نظام پر توجہ نہیں دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام تحقیق ایک بات ہی کرتی ہے کہ ایک بیماری پورے گھر کو مقروض کردیتی ہے، اسی لئے میں نے فیصلہ کیا تھا کہ جب بھی اللہ نے موقع دیا میں صحت کا جامع منصوبہ شروع کروں گا۔ خیبر پختونخوا کے تمام خاندانوں کو ہیلتھ انشورنمس مل چکی ہے، جس کے تحت ہر سال 10 لاکھ روپے تک کا خرچہ برداشت کیا جائے گا۔ مارچ2022تک پنجاب کے ہر شہری کے پاس ہیلتھ انشورنس ہوگی، سندھ کے لوگوں کو بھی ہیلتھ انشورنس ہونی چاہیے، سندھ حکومت سے کہتا ہوں کہ ہیلتھ انشورنس میں حصہ ڈالیں۔