لٹیرا تاجروں کے لیے خوف کی علامت بن گیا
محکمہ موسمیات کے قریب مارکیٹ میں ایک لٹیرا تاجروں کے لیے خوف کی علامت بن گیا، پولیس تاحال واقعاتی شواہد جمع کرنے کی علاوہ کچھ نہ کر سکی ۔ تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹاؤن کے علاقے موسمیات کی قریب مارکیٹ میں لگاتار وارداتیں کرنے والا تاحال پولیس کی گرفت میں نہ آ سکا ۔ چند روز میں ایک ہی ملزم نے ایک ہی علاقے کی کئی دکانیں لوٹ لیں ۔ جس سے تاجر خوف کا شکار ہو گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اس لٹیرے کے ہاتھوں کی گئی مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی موجود ہیں ۔ مگر پولیس ملزم تک نہیں پہنچ سکی ہے ۔ ملزم نے ایک ہفتے میں ایک ہی مارکیٹ کی 6 دکانوں میں وارداتیں کیں ۔ اس دوران اس نے حلیہ بھی بدلنے کی کوشش نہیں کی ۔ اس ملزم کی دیدہ دلیری کا یہ عالم ہے کہ اس نے ایک ہی دن میں ایک ہی دکان کو دن میں 2 بار بھی لوٹنے کی واردات کی ۔ ملزم کو مارکیٹ میں دیدہ دلیری کے ساتھ گھومتے بھی دیکھا گیا ہے ۔ ایک فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ملزم کی موٹر سائیکل پر پولیس نمبر پلیٹ لگی تھی ۔ اور ملزم نے پولیس وردی کی پینٹ پہنی ہوئی تھی ۔ ادھر تاجروں کا کہنا ہے کہ پولیس تمام وارداتوں سے آگاہ ہو چکی ہے ۔ لیکن وہ واقعاتی شواہد جمع کرنے کے سوا کچھ نہیں کر رہی ۔ متاثرہ دکان داروں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وارداتوں میں ملوث ملزم کوگرفتار کر کے تحفظ فراہم کیا جائے ۔