پولیس گردی اور ماں کی دوہائی ، ماں پر قیامت ٹوٹ پڑی۔پر ظالم کو ترس نہ آیا، پولیس اہلکاروں نے ماں اور بہنوں کے سامنے نوجوان کو مار مار کر دانت توڑاور چہرہ بگاڑدیا۔
کیا ایسے اہلکاروں سےتھانہ کلچر کی تبدیلی اور کمیونٹی پولیسنگ ممکن ہے؟اکبری گیٹ پولیس نے فیملی کے ہمراہ وہاڑی سے شادی کی شاپنگ کے لئے لاہور آنے والے نوجوان وقاص کو مار مار کر اس کے تین دانت توڑ دئیے اور چہرہ بگاڑ کر رکھ دیاہے۔پولیس نوجوان کو اٹھا کر تھانے لے آئی۔اس کی ماں،بہنیں تین گھنٹے سے زائد تھانے کے باہر روتی پیٹتی اورخوار ہوتی رہیں،مگر انہیں بیٹے سے نہ ملنے دیا گیا۔

خواتین کی چیخ وپکار اور احتجاج کی اطلاع ملنے پر میڈیا وہاں پہنچا تو افسران کو ہوش آیا اوراہلجانہ کو وقاص سے ملنے دیاگیا۔ماں بیٹے کے ٹوٹے دانت، بگڑا منہ اورحالت دیکھ کر دھاڑیں مار مار کر روتی اور اپنے بیٹے کا قصور پوچھتی رہی۔

میڈیا پر خبریں چلنے پر ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس آئی عنصر کو معطل کر دیااور ایس ایچ او کو اس کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے احکامات جاری کیے۔جس پر ایس ایچ او نے ملزم اے ایس آئی کو گرفتار کرنے کی بجائے اسے تھانے سے فرار کرا دیا ہے۔

Shares: