پاکستان شوبز انڈسٹری کے ناموراداکار اظفر رحمان نے حال ہی میں می ٹو مہم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں ماضی میں کئی خواتین فنکاروں کی طرف سے ہراساں کیا جاتا رہا-
باغی ٹی وی : اداکار اظفر رحمن حال ہی میں ناشپاتی پرائم کے شو بائی دی وے میں جلوہ گر ہوئے اور اپنے شوبز کیرئیر اور ذاتی زندگی کے حوالے سے بات کرنے کے ساتھ ساتھ می ٹو مہم پر بھی بات کی –
دوران شو بیگم نوازش کی جانب می ٹو مہم کے حوالئ سے کئے گئے سوال کے جواب میں اداکار اظفر رحمان کا می ٹو مہم سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ می ٹو مہم کی مکمل طور پر حمایت کرتے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ می ٹو ایک سنجیدہ معاملہ ہے آپ کسی کے ساتھ بھی اپنے لیے زبردستی نہیں کرسکتے۔
می ٹو سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ ماضی میں انہیں بھی کئی خواتین فنکاروں کی جانب سے ہراساں کیا جاتا رہا لیکن وہ ان کا نام لینا پسند نہیں کرتے۔
اداکار نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کسی کو بھی بغیر تحقیق ایکسپوز کرنا غلط ہے کیونکہ بہت سے لوگ ہیں جو اس طرح کی مہم کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
بالی وڈ میں کام کی خواہش سے متعلق سوال پر اظفر رحمان کا کہنا تھا کہ وہ جنون کی حد تک بالی وڈ میں کام کے خواہشمند تھے دو سے تین مرتبہ بالی وڈ کاسٹنگ ایجنٹ کی جانب سے آفرز بھی موصول ہوئیں اور انہوں نے آڈیشن بنا کر بھی بھیجے لیکن وہ سب بری طرح ریجیکٹ کردیئے گئے-