مچھ پل کا ایک حصہ حالیہ بارشوں کے باعث منہدم ، ملک سے زمینی راستہ کٹ گیا

0
34

مچھ پل کا ایک حصہ حالیہ بارشوں کے باعث منہدم ، ملک سے زمینی راستہ کٹ گیا

باغی ٹی وی : بلوچستان کے علاقے مچھ پل کا ایک حصہ حالیہ بارشوں کے باعث منہدم ہونے سے مچھ کا ملک بھر سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا جبکہ بولان میں انتظامیہ کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

بولان کے علاقے مچھ پل کے پشتے گزشتہ چھ ماہ سے ختم تھے حالیہ بارشوں اور ندی میں سیلاب کے باعث اس کے پشتوں کو مزید نقصان پہنچا ہے جس سے شروع والا حصہ بیٹھ گیا۔ اس سے قبل جب مچھ پل کا ایک حصہ منہدم ہوا تھا تو اس کی مرمت میں 3 سال لگے تھے، متعلقہ محکمے کی غیر ذمہ داری سے عوام کی مشکلات اور تکالیف میں مزید اضافہ ہو گیا۔

حالیہ بارشوں کے بعد کمشنر نصیر آباد عابد سلیم کی جانب سے رین الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ کمشنر نصیر آباد کا کہنا ہے کہ بولان میں جاری بارش کے بعد بولان ندی میں سیلابی کیفیت ہے، انتظامیہ کسی بھی قسم کی صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کے لیۓ تیار ہے، تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔کمشنر کی جانب سے عوام کو بولان قومی شاہراہ پر غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے.
ادھر کراچی میں رات گئے پھر بارش، کورنگی ندی میں پھنسے 6 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا، 2 دن سے شدید بارشوں کے باعث ملیر ندی میں کئی مقامات پر بند میں شگاف پڑ گئے، دادا بھائی ٹاؤن اور سکھن ندی کا بند ٹوٹنے سے پانی علاقے اور گھروں میں داخل ہوگیا، کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔بلوچ کالونی، شاہراہ فیصل، نرسری، پی ای سی ایچ ایس، فیروز آباد، محمود آباد، کینٹ سٹیشن، قیوم آباد، ڈیفنس، گلشن اقبال، لیاقت آباد، ناظم آباد میں بھی بارش ہوئی۔ کورنگی کازوے ندی میں 6 افراد پھنس گئے۔ ایدھی رضا کاروں نے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا، پھنسے افراد میں پولیس اہلکار بھی شامل تھا۔

سکھن ندی کے بند ٹوٹ گئے، پانی عرفات ٹاؤن، مدینہ کالونی، خلد آباد، مرغی خانہ اور نیشنل ہائی وے تک پہنچ گیا جبکہ کئی گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا، حفاظتی اقدامات کے تحت نیشنل ہائی وے کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ نیشنل ہائی وے کی ٹریفک ملیر کی جانب موڑ دی گئی۔کراچی میں بلوچ کالونی دادا بھائی میں پانی آبادی میں داخل ہوگیا۔ سعید غنی بھی علاقے میں پہنچے، وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ بند نہیں ٹوٹا، صرف دروازہ ٹوٹا ہے، گیٹ لگا کر پانی کا بہاؤ روک دیا گیا، آبادی سے پانی نکالنے کیلئے مشینری نے کام شروع کر دیا۔

اس سے پہلے وزیر تعلیم سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کئے، یونیورسٹی روڈ، ابو الحسن اصفحانی روڈ، گلستان جوہر کا علاقہ کلئیر ہونے کی وڈیوز پوسٹ کیں، سٹارگیٹ، منور سہروردی انڈر پاس، نرسری، میٹرو پول کی وڈیوز بھی پوسٹ کیں.
پاک فوج کے سربراہ کی کورکمانڈر کو ہرممکن امداد کی ہدایت ،اطلاعات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں اذیت سے دوچار شہریوں کی ہر ممکن امداد کی جائے

Leave a reply