بھارتی مسلمان اداکارہ شگفتہ علی کو بالی ووڈ کے معروف فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر روہت شیٹھی اور بالی ووڈ کی ڈانسنگ کوئین مادھوری ڈکشٹ کی جانب سے فراخدلانہ مالی امداد موصول ہوئی ہے۔
باغی ٹی وی : چند روز قبل بھارتی ٹی وی کی سینئر اداکارہ شگفتہ علی کے حوالے سے بھارتی میڈیا میں خبر چلی تھی کہ گزشتہ 36 برس سے بھارتی شوبز انڈسٹری کے لیے اپنی خدمات دینے والی شگفتہ علی پچھلے چار برسوں سے کام نہ ہونے کی وجہ سے پائی پائی کی محتاج ہوگئی ہیں۔
اداکارہ شگفتہ علی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ صحت کے مسائل سے بھی دوچار ہیں جس کی وجہ سے ان کی زندگی بہت مشکل ہوگئی ہے۔ گزشتہ چار برسوں سے انہیں انڈسٹری میں بہت کم کام مل رہا ہے اور یہ چار سال ان کی زندگی کے بدتر سال رہے ہیں۔ یہاں تک کہ انہیں گزارا کرنے کے لیے اپنے زیور اور گاڑی سمیت استعمال کی بہت ساری چیزیں بیچنی پڑیں اور اب تو حالت یہ ہوگئی ہے کہ ان کے پاس بیچنے کے لیے بھی کچھ نہیں بچا۔
اداکارہ شگفتہ علی کے بارے میں سُن کر اداکارہ مادھوری ڈکشٹ اور بھارت کے نجی ٹی وی چینل کے رئیلیٹی شو’’ڈانس دیوانے 3‘‘ کی ٹیم اداکارہ کی مدد کے لیے آگے آئی ہے۔
حال ہی میں شگفتہ علی کو رئیلیٹی شو’’ ڈانس دیوانے 3‘‘ میں مدعو کیا گیا جس کی جج مادھوری ڈکشٹ ہیں شو میں شگفتہ علی نے اپنے حالاتوں کے بارے میں سب کو بتایا ان کی دکھ بھری کہانی سن کر مادھوری ڈکشٹ سمیت شو میں موجود تمام لوگ آبدیدہ ہوگئے۔
بعد ازاں مادھوری ڈکشٹ نے اپنے شو کی ٹیم کی جانب سے اداکارہ شگفتہ علی کو 5 لاکھ روپے امداد کے طور پر دئیے اداکارہ شگفتہ نے اس موقع پر جذباتی لہجے میں مادھوری ڈکشٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
دوسری جانب معروف فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر روہت شیٹھی نے بھی اداکارہ شگفتہ کی مدد کی اس بات کی تصدیق فلمساز اور انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اشوک پنڈت نے کی۔
انھوں نے کہا کہ روہیت شیٹھی نے بڑی فیاضی سے شگفتہ کی مدد کی جس پر ہم روہت کے انتہائی مشکور ہیں۔
اشوک پنڈت نے بتایا کہ جب انھیں شگفتہ کی مالی صورتحال اور بیماری کا پتہ چلا تو وہ حالات کا جائزہ لینے ان کے پاس گئے اور صورتحال دیکھنے کے بعد انھوں نے روہیت سے بات کی جس پر وہ مالی مدد کے لیے فوری تیار ہوگئے۔
اشوک کے مطابق وہ اب بالی ووڈ میں مزید ایسے لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں جو کہ اسی قسم کی صورتحال سے پریشان ہیں۔
اس حوالے سے مالی مشکلات کا شکار شگفتہ علی نے کہا کہ ان کی روہیت شیٹھی سے کبھی ملاقات ہوئی نہ آمنا سامنا ہوا اور نہ ہی فون پر بات ہوئی، لیکن اس کے باوجود انھوں نے دل کھول کر اور بڑی فیاضی سے ان کی مدد کی ہے شگفتہ علی نے روہت شیٹھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جسطرح انھوں نے میری مدد کی اللّٰہ تعالیٰ انھیں اسکا صلہ دے گا۔