معیشت کے فروغ کے لیے چیمبر آف کامرس کا حکومت سے اہم مطالبہ
صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) سردار الیاس خان نے حکومت سے معیشت کے فروغ کے لیے بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
اکانومک جرنلسٹس فورم کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف انڈسٹریل یونٹس کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہو گا بلکہ معاشرے کے دیگر طبقوں پر بھی سنگین اثرات مرتب کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے آمدن اکٹھی کرنے کا ذریعہ بنالیا ہے جو دانشمندانہ سوچ نہیں ہے، انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں پر نظرثانی کی تجویز دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں معاشی انقلاب لانا چاہتے ہیں لیکن حکومت کو اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز پر بھی توجہ دینی چاہیے۔
صدر آئی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ ٹیلی کام انڈسٹری، زراعت اور تعمرات سمیت پاکستانی معیشت کے کئی شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے بے پناہ مواقع ہیں۔








