لاہور / معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کرپشن کے مگر مچھوں کا ٹولہ ہے، یہ مگر مچھ نگل سب سکتے ہیں لیکن اگل کچھ نہیں سکتے۔

پاکستان ڈیمو ڈیموکریٹک موومنٹ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم بند گلی میں پھنس چکی ، پاکستان کو بے دردی سے لوٹنے والا یہ ٹولہ وقت آنے پر استعفے بھی نگل لے گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فیس سیونگ کے لیے منت ترلے کر رہے ہیں، عوام کو کوروناوائرس کی طرف دھکیلنے والوں کی مینار پاکستان پر بنی درگت عبرتناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کروناوائرس صورتحال کے باوجود جلسے کرنے والے عوام کے ہاتھوں ذلیل ہوچکے ہیں ۔ پنجاب میں عالمی وبا کی صورتحال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 24 گھنٹے میں کوروناوائرس کے 30 مریض جاں بحق ہوئے، 24 گھنٹے کے دوران کوروناوائرس کے535 مریض سامنے آئے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد 128673 ہو گئی ہے جبکہ لاہور میں مریضوں کی تعداد 62837 تک پہنچ چکی ہے۔

Shares: