مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ محرم الحرام تمام مسلمانوں کیلئے انتہائی مقدس مہینہ ہے ، اس مہینے کا احترام کرتے ہوئے تمام مکتب فکر کے افراد فرقہ واریت ، دل آزاری اور غیر ذمہ دارانہ گفتگو سے گریز کریں۔شیعہ اور سنی برسوں سے ساتھ رہ رہے ہیں لیکن کچھ اسلام دشمن، پاکستان دشمن قوتیں ہمیشہ شیعہ اور سنی کے درمیان اختلافات پیدا کرکے پاکستان اور اسلام کو نقصان پہچانا چاہتی ہیں ، اس مقدس مہینے میں سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان اسلام دشمن اور ملک دشمن قوتوں پر نظر رکھیں تاکہ وہ اپنے گھناؤنے عزائم میں کامیاب نہ ہوسکیں ، انہوں نے کہاکہ اسلام محبت، بھائی چارے ، رواداری کا مذہب ہے اس لئے جیو اور جینے دو کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ایک دوسرے سے مسلک کا احترام کریں۔
انہوں نے خاص طورپر سندھ کے مہاجروں سے اپیل کی کہ وہ شیعہ اور سنی اختلافات پیدا کرکے ملک کو نقصان پہنچانے کی سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے کمربستہ ہوجائیں اور اس طرح کے سازشی عناصر پر کڑی نظر رکھیں جو ہر بار محرم الحرام کے مہینے میں خاص طورپر فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش کرتے ہیں لیکن شیعہ سنی بھائی چارے کے نتیجے میں ان کی یہ سازشیں دم توڑ جاتی ہیں اس بار بھی ان عناصر کو ناکام اور نامراد بنانا ہر مہاجر کا فرض ہے۔ انہوں نے کہاکہ شیعہ سنی اختلافات نہ صرف ملک بلکہ خود مہاجروں کیلئے بھی زہر قاتل ہیں۔ لہٰذا کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں بسنے والے تمام مہاجر اپنے شعور اور دانش کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔

مہاجر فرقہ واریت کی تمام سازشوں کا ناکام بنادیں:ڈاکٹر سلیم حیدر
Shares:







