ماہرہ خان اور مہوش حیات اداکاری کی کوئین ہیں : مانی

کراچی: اداکار و میزبان سلمان ثاقب عرف مانی نے ماہرہ خان اور مہوش حیات کو اداکاری کی کوئین قرار دے دیا۔

مانی اپنی اہلیہ اداکارہ حرا کے ہمراہ حال ہی میں ’’جشن کرکٹ‘‘ نامی شو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے میزبان کے سوالوں کے دلچسپ جواب دئیے۔

شوکے ایک سیگمنٹ کے دوران میزبان کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں حرا نے کہا مانی خوش قسمت ہے کہ اسے میرے جیسی بیوی ملی۔
میزبان نے حرا سے پوچھا کیا مہوش حیات کے بعد اب آپ کو تمغہ امتیاز ملنا چاہئے؟ جس پر حرا نے کہا نہیں انڈسٹری میں اور بہت سی اداکارائیں ہیں جو تمغہ امتیاز کی حقدار ہیں۔ اس موقع پر ان کے شوہر مانی نے کہا کہ اس بار تمغہ امتیاز ماہرہ خان کو ملنا چاہئے۔

اداکارہ حرا نے مصطفیٰ کمال کی سیاسی جماعت پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شمولیت کے بارے میں کہا کہ مانی کرے نا کرے لیکن میں پی ایس پی ضرور جوائن کرلوں گی۔

اپنی باری پر مانی نے بھی میزبان کے سوالوں کے کئی دلچسپ جوابات دئیے۔ میزبان نے مانی سے پوچھا کیا نواز شریف آصف زرداری سے زیادہ کرپٹ ہیں؟ اس سوال کے جواب میں مانی نے کہا آصف زرداری زیادہ کرپٹ ہیں۔

مانی نے وزیراعظم کے بارے میں کہا کہ عمران خان عوام پر رحم کریں اور عوام کو گھبرانے کی اجازت دے دیں۔ کیونکہ اب تو پانی سر کے اوپر سے گزر گیا ہے۔ جب میزبان نے مانی سے پوچھا کہ عمران خان نے یوٹرن لینے کے سارے ریکارڈز توڑ دئیے ہیں، اس بارے میں آپ کیا کہیں گے؟ تو مانی نے کہا ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں آنا چاہئے۔ کراچی کنگز اور مصطفیٰ کمال کے بارے میں مانی نے کہا کہ دونوں کا وقت بدلنے والا ہے۔ مصطفیٰ کمال کی پارٹی اگلے الیکشن میں کمال کرے گی کیونکہ اب اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔

مانی نے اپنی بیوی حرا کو خود سے بہتر آرٹسٹ قرار دیا۔ میزبان نے مانی سے سوال پوچھا کیا آپ سمجھتے ہیں مہوش حیات اور ماہرہ خان اداکاری میں حرا سے بہت پیچھے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں مانی نے کہا نہیں ایسا بالکل نہیں ہے۔ ماہرہ اور مہوش حرا سے بہت آگے ہیں دونوں بہت بڑی اسٹارز ہیں، دونوں اداکاری کوئین ہیں۔ میرے خیال میں دونوں کو اداکاری کا انسٹی ٹیوٹ کھولنا چاہیے۔

Comments are closed.