ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنی نئی فلم ’نیلوفر‘ کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد جذباتی پیغام شئیر کیا ہے اس فلم میں فواد خان ان کے مقابل اداکاری کررہے ہیں۔
باغی ٹی وی : ماہرہ خان اور فواد خان بہت جلد ایک ساتھ فلم ’نیلوفر‘ میں نظر آئیں گے ماہرہ خان نے اپنی نئی فلم کے سیٹ سے نہ صرف کچھ جھلکیاں شیئر کی ہیں بلکہ فلم کی شوٹنگ ختم ہونے پر نہایت جذباتی پوسٹ بھی تحریر کی ہے۔

ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر فلم کے سیٹ کی تصاویر شیئر کیں جن میں وہ، فواد خان اور اداکار بہروز سبزواری نظر آرہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے فلم کے اسکرپٹ کی تصویر بھی شیئر کی اور لکھا میں تمہارا کچھ حصہ اپنے ساتھ لے جارہی ہوں اور اپنی روح کا کچھ حصہ تمہارے پاس چھوڑ کر جارہی ہوں۔ میری پیاری ’نیلوفر‘ میں تمہیں بہت یاد کروں گی۔


ماہرہ نے فلم کی ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فلم کے ساتھ جڑے ہر شخص نے فلم کو اپنا دل اور اپنی روح دی ہے مجھ سے انتظار نہیں ہورہا کہ کب ہماری محنت اسکرین پر آپ سب کے سامنے آئے۔ آمین۔ فلم کی شوٹنگ ختم ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’نیلوفر‘ کی کہانی عمار رسول نے تحریر کی ہے جو کہ ایک نابینا لڑکی کے گرد گھومتی ہے۔ اس کردار کو ماہرہ خان ادا کررہی ہیں۔ فلم کی شوٹنگ لاہور میں کی گئی ہے۔

سال 2021 کو پاکستانی سینما اور ماہرہ خان کے لیے بڑا سال قرار دیاجارہا ہے کیونکہ اگلے سال ماہرہ خان کی تین فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں۔ جن میں سے ایک ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ اس فلم میں ماہرہ خان اور فواد خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ دوسری ’قائداعظم زندہ باد‘ اس فلم میں ماہرہ خان کے مقابل فہد مصطفیٰ نظر آئیں گے جب کہ تیسری فلم’نیلوفر‘ ہے۔








