تحریک انصاف کی رہنما وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ میرے نام سے سوشل میڈیا پر بنائے گئے جعلی اکاونٹس سے شرانگیز مواد شائع کیا جا رہا ہے، میرا ان سے کوئی تعلق نہیں.

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر زرتاج گل نے کہا کہ میرے نام سے فیس بک اور ٹویٹر پر بے شمار جعلی اکاونٹ بنے ہوئے ہیں جن پر شر انگیز مواد شائع کیا جا رہا ہے وزیرستان کے معاملے کے بارے میں، میرا ان اکائونٹس سے کوئی تعلق نہیں۔حقیقت یہ ہے کہ میں پاک فوج اور اپنی پشتون قوم کے لئے ہتک آمیز رویہ یا خیالات کبھی نہیں رکھ سکتی۔زرتاج گل نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں قبائلیوں کا مستقبل بہت روشن ہے

واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ شمالی وزیرستان کے میران شاہ علاقہ میں پاکستانی فوج کی خارکمر چیک پوسٹ پر حملہ پی ٹی ایم رہنما محسن جاوید داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں مسلح کارندوں نے کیا. حملہ آور گرفتار کئے گئے دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی رہائی کیلئے دبائو ڈالنا چاہتے تھے. اس دوران پی ٹی ایم کارندوں نے چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور حملہ کیا جس سے 5 پاکستانی فوجی زخمی ہوئے ہیں جبکہ پاک فوج کی جوابی کاروائی میں‌ 3 حملہ آور مارے گئے جبکہ 10 زخمی ہوئے ہیں. مذکورہ واقعے کے بعد پی ٹی ایم رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر سمیت 8 افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ محسن داوڑ موقع سے فرار ہوگئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ معصوم پی ٹی ایم کارکنوں کی حفاضت کرنے کی ضرورت ہے، صرف چند افراد اپنا غیر قانونی ایجنڈہ لے کر ریاست کے خلاف لوگوں کو استعمال کر رہے ہیں. بہادر پاکستانی قبائلوں کی طویل عرصے سے قومی جدوجہد اور قربانیوں سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی بہادرقبائلیوں اور پاک فوج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے .

Shares: