مجلس وحدت مسلمین کا ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان

کراچی۔مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کی پریس کلب میں نیوز کانفرنس. مجلس وحدت مسلمین کا ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان. ہفتہ یکجہتی کشمیر میں کشمیری مسلمانوں کی حمایت میں آواز بلند کرنا ہے۔علامہ باقر عباس زیدی.مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی،ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی حسین نقوی نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی قیادت نے ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار اور کشمیری مسلمانوں کی حمایت میں آواز بلند کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں بسنے والی اقلیتوں کے خلاف مودی حکومت کے متعصبانہ اقدامات نے ملک کی سالمیت و بقا کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔سکھ کمیونٹی کی طرف سے بھارتی دارالحکومت دہلی میں لال قلعے پر مذہبی پرچم لہرایا جانا مودی حکومت کے خلاف بغاوت اور نفرت کا کھلم کھلا اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی بڑھتی ہوئی بربریت کشمیری عوام کے حوصلوں کو پسپا نہیں کر سکتی۔آزادی اس ریاست کے عوام کا مقدر ہے جو بہت جلد حاصل ہو کر رہے گی۔یوم یکجہتی کشمیر پر پوری قوم بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ کشمیری عوام کے حق کے لیے آواز بلند کرے گی۔ مظلومین کشمیر کی حمایت میں تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی جانب سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ہمراہ 4فروری کو آل پارٹیز کانفرنس کراچی پریس کلب میں منعقد کی جائے گی۔5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سندھ اور کراچی بھر کے مختلف اضلاع میں جمعہ نماز کے بعد دعائیہ اجتماع اوراحتجاجی مظاہرے ریلیاں نکالی جائیں گی مرکزی احتجاجی مظاہرہ ریلی جامع مسجد نور ایماں کراچی میں منعقد کی جائے گی۔ایسی طرح 5فروری کی شام نمائش چورنگی پر کشمیر عوام سے اظہار یکجہتی شہدائے کی یاد میں دعائیہ اجتماع اور شمع روشن کی جائیں گی۔ رہنماوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت نے مظالم کی انتہا کر رکھی ہے۔ بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف بولتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی ٹھیکیداروں کی زبان پر چھالے پڑتے ہیں۔ اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے صرف یہود و نصاری کے حقوق کے تحفظ کا بیڑا اٹھا رکھا ہے۔انہیں عالم اسلام کو درپیش مسائل سے کوئی غرض نہیں۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اقلیتوں کے خلاف ظلم کے جو پہاڑ توڑ رکھے ہیں وہ اس کے اقتدار اور ملک کو بڑی تیزی سے کھوکھلا کر رہے ہیں۔بھارت کے خلاف سر اٹھانے والی قومیں بہت جلد ایک توانا آواز اور ناقابل شکست مدمقابل کے طور پر سامنے آئیں گی۔بھارت کی ٹکڑوں میں تقسیم اس کی قسمت میں لکھی جا چکی ہے۔رہنماوں نے کہا بھارت کی تاریخ کا سب سے متعصب وزیر اعظم مودی ہے جسے عوام کی پسند و ناپسند سے کوئی غرض نہیں۔اس کے ہاتھ ہزاروں بے گناہ افراد کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔بھارت خطے کے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے۔بھارت کا جدید ہتھیاروں کے حصول اور خطے میں حکمرانی کا جنون کسی بڑے انسانی المیے کو جنم دے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر ظلم و ستم بند کرے۔آئے روز بے گناہ نوجوانوں کی شہادت اور خواتین کی عصمت دری کے واقعات ہندوستان کے چہرے پر بدنما داغ ہے۔رہنماوں نے عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کرنے کے لیے بھارت پر زور ڈالے۔رہنماوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے۔یہ بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہوکر رہے گا۔کانفرنس میں علامہ صادق جعفری،علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشرحسن،میر تقی ظفر، نا صر الحسینی و دیگر رہنما موجود تھے۔

Comments are closed.